نوشہرہ//راجوری میں لائن آف کنٹرول پر بھارت اور پاکستانی افواج کے درمیان شدید گولہ باری کے نتیجے میں فوج کا ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر ہلاک ہوا۔یہ واقعہ راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں پیش آیا ہے۔ جموں میں مقیم فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کر نل دیوندر آنند نے کہا کہ جمعہ کو بعد دوپہر قریب 3بجکر 30منٹ پر پاکستانی فوج نے نوشہر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ اور شلنگ کی جو آدھے گھنٹے تک جاری رہی۔ ترجمان نے کہا کہ شام 5بجکر 30منٹ پر پاکستانی فوج نے دوسری مرتبہ بلا اشتعال فائرنگ اور شلنگ کی۔ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ نوشہرہ سیکٹر میں ہوئی فائرنگ اور شلنگ کے نتیجے میں نائب صوبیدار رویندر شدید زخمی ہوگیا ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ میں زخمی ہونے والا جونیئر کمیشنڈ آفیسر بعد میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج نے نوشہر کے لام ، پکھرنی اور جہانگیر علاقے میں فائرنگ کی۔ پولیس نے کہا ’’ پاکستانی فوج کی مارٹر شلنگ میں فوج کا ایک افسر جاں بحق ہوگیا ‘‘۔