سرینگر//حدبندی کمیشن کی سفارشات جموں وکشمیر کے عوام کو مذہبی، علاقائی اور لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنے کیساتھ ساتھ کشمیر کو بے اختیار کرنے کی مذموم سازش کا حصہ قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے کہا ہے’’ ہماری جماعت نے کمیشن کی رپورٹ کو مسترد کیاہے اور یہ سفارشات ہمیں کسی بھی صورت میں قبول نہیں‘‘۔موصوف حلقہ انتخاب خانصاحب میں پارٹی کے ایک روزہ ورکرس کنونشن سے خطاب کررہے تھے ۔ کنونشن میں وسطی زون صدر علی محمد ڈار، صوبائی سیکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمدمیر، سینئر پارٹی لیڈران ایڈوکیٹ سیف الدین بٹ، غلام نبی بٹ، ضلع صدر عبدالاحد ڈار اور ڈی ڈی سی ممبران بھی موجود تھے۔ کنونشن میں مقررین نے پارٹی سرگرمیوں اور پارٹی پروگراموں کے علاوہ ضلع بڈگام کے لوگوں کے مسائل و مشکلات اور موجودہ غیر یقینی صورتحال بیان کی۔ ناصر اسلم نے کہا کہ نئی دلی جموںوکشمیر کو زبانی جمع خرچ سے بہلانے اور پھسلانے کی کوششوں میں مصروف ہے جبکہ دوسری جانب کشمیریوں کے مستقبل کو ختم کرنے کے مذموم اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حدبندی کمیشن کی سفارشات بھی انہی سازشوں کی ایک کڑی ہے ، جس کا مقصد نہ صرف یہاں کے عوام میں تفرقہ ڈالنا ہے بلکہ اکثریتی آبادی کو بے اختیار کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس جمہوریت اور آئین کے دائرے میں رہ کر یہاں کے عوام کے خلاف ہورہی ناانصافیوں کیخلاف جدوجہد کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا’’ ہم سے جو چھینا گیا ہے ہم اُس کی واپسی کیلئے کوئی بھی کسر نہیں چھوڑیں گے اور ہر ایک جمہوری اور آئینی طریقہ کار اپنائیں گے‘‘۔