نئی دہلی //اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ حج 2021کیلئے بھارت پوری طرح تیار ہے اور سعودی عرب کے فیصلے کے منتظر ہیں۔ ممبئی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران مختار عباس نقوی نے کہاکہ بھارت کی حج کمیٹی اور تمام ریاستی حج کمیٹیاں حج۔ 2021 کیلئے پوری طرح تیار ہیں اور ہم سعودی عرب کے فیصلہ کا انتظار کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ’’کوویڈ 19 بحران کی وجہ سے دوسرے ممالک سے لوگ رواں سال حج 2021 میں شریک نہیں ہو رہے ہیں اور ہم اس مشکل وقت میں سعودی حکومت کے ساتھ ہیں اور ہم ہر فیصلے میں ان کے ساتھ ہیں ، ہم انتظار کر رہے ہیں کہ سعودی جو بھی فیصلہ لے گا ، ہم اس کو قبول کریں گے‘‘۔ سینٹرل حج کمیٹی اور مولانا آزاد کونسل ویکسی نیشن سے متعلق مہم کا آغاز کرے گی اورجس کا نام 'جان ہے تو جہاں‘ رکھاگیاہے۔ مختار عباس نقوی نے کہا کہ "ہم نے CO Vaccine کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت (WHO)سے اجازت طلب کی ہے اور حج کمیٹی نے بھی اس پورے معاملے پر سعودی حکومت سے تبادلہ خیال کررہی ہے۔