سرینگر //سعودی عرب کے ذریعہ عازمین حج کی تعداد کے بارے میں اطلاعات کے درمیان ، جموں و کشمیر حکام نے بدھ کے روز کہا کہ رواں سال حج کرنے کی اجازت دینے کے بارے میں فیصلہ ایک ہفتہ کے اندر متوقع ہے۔ ایگزیکٹو آفیسر جموں و کشمیر حج کمیٹی عبدالسلام میر کے مطابق رواں سال عازمین حج کی اجازت کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔میر نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک ہفتے کے اندر فیصلہ متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال قریب 8000 حجاج کرام نے اپنے آپ کو حج کی زیارت کے لئے رجسٹرڈ کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حج ادا کرنے والے تمام افراد کے لئے کوویڈ۔19 ویکسینیشن کو لازمی کر دیا گیا ہے۔حج کمیٹی کے حج افسر ارشاد احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پچھلے سال حج منسوخ ہوا تھا لیکن امسال سعودی حکوت نے 60ہزار عازمین کو اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان میں15ہزار سعودیہ کے مقامی زائرین ہونگے اورباقی 45ہزار دیگر ممالک کے عازمین ہونگے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا کوٹا کتنا ہوگا اسکے بعد جموں کشمیر کے حصے میں کتنا کوٹا آئے گا، ابھی کچھ معلوم نہیں ہے۔تاہم انکا کہنا تھا کہ اس سال 8ہزار سے زیادہ درخواستیں آئی ہیں جوبھارت کی سبھی ریاستوں میں سب سے زیادہ ہیں۔