ریاض//سعودی عرب کے تمام ریاستی ادارے عازمین حج کی خدمت، ان کی حفاظت اور ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے ہمہ تن مصروف ہیں۔ عازمین حج کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ حج کی سیکیورٹی پر مامور ادارے چوبیس گھنٹے مکہ مکرمہ میں حجاج کرام کی سیکیورٹی پر کام کررہے ہیں۔ عازمین حج کی فضائی نگرانی بھی جاری ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے فضائی نگرانی کا مقصد مشاعر مقدسہ کی طرف آنے والے عازمین کے راستوں میں رش کی نشاندہی کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے میں دوسرے اداروں کیساتھ تعاون کرنا ہے۔ سیکیورٹی اداروں کے ہیلی کاپٹر وقفے وقفے سے مکہ مکرمہ میں مختلف مقامات بالخصوص شاہرات کی فضائی نگرانی کررہے ہیں۔جنرل سیکیورٹی ایوی ایشن کے کمانڈر میجرجنرل محمد بن عید الحربی نے بتایا کہ سعودی عرب کے داخلی راستوں، بڑی شاہراؤں۔ مکہ، مدینہ منورہ اور جدہ کو باہم ملانے والی شاہرات، چوکوں اور دیگر رش والے مقامات کی منظم انداز میں فضائی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ عازمین حج کو اپنی منزل مقصود تک پہنچنے میں کسی قسم کی رکاوٹ اور دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ سعودی عرب کی حکومت نے عازمین حج کے لیے تمام انتظامات بالخصوص سیکیورٹی کے تمام اقدامات مکمل کرلیے ہیں۔ اس بار عازمین حج کی سیکیورٹی پر پہلی مرتبہ خواتین اہلکاروں کو شامل کیا گیا ہے۔ حجاج سے براہ راست رابطے کے لیے چھ زبانوں کے ماہرین بھی مقررکیے گئے ہیں۔