سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے ایک میٹنگ میں سعودی عربیہ سے ریاستی حجاج کرام کی 28 اگست سے واپسی کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لیا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ 28 اگست کو عازمین کرام کو لیکر پہلا قافلہ پانچ پروازوں کے ذریعے سرینگر ائیر پورٹ پہنچے گا جبکہ 29 اگست سے 7 ستمبر تک روزانہ چار پروازوں کے ذریعے عازمین کی واپسی کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ میٹنگ میں عازمین کی واپسی پر اُن کے سامان کو ائیر لفٹ کرنے ، آبِ زم زم کی دستیابی ، رضا کاروں کی تعیناتی اور ٹرانسپورٹ سمیت دیگر انتظامات پر تبادلہ خیال ہوا ۔انہوں نے کہا کہ حاجی صاحبان کے کے اٹینڈنٹس کو مختلف رنگوں کے پاس فراہم کئے جائیں گے جبکہ ائیر پورٹ کے احاطے میں صرف ایک گاڑی کو داخل ہونے کی اجازت ہو گی جس میں حاجی صاحبان کا ڈرائیور اور ایک رشتہ دار کو بیٹھنے کی اجازت ہو گی ۔ اس سلسلے میں پاس متعلقہ ڈی سی فراہم کریں گے۔ سرینگر ضلع کے عازمین کے رشتہ دار مذکورہ پاس حج ہاوس بمنہ سے حاصل کر سکتے ہیں ۔