جدہ//اسلامی تعاون تنظیم نے ہندوستان میں مسلمانوں پر کئے جا رہے حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔او آئی سی نے کرناٹک حجاب تنازعہ، مسلم خواتین کے خلاف آن لائن تشدد اور دھرم سنسد سے مسلمانوں کے خلاف بیان بازی پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے حکومت ہند سے اپیل کی ہے کہ مسلمانوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طاہر نے اقوام متحدہ سے کہا ہے کہ کرناٹک حجاب تنازعہ، مسلم خواتین کو آن لائن تشدد کا نشانہ بنانے اور ہریدوار دھرم سنسد میں مسلمانوں کی مبینہ نسل کشی جیسے بیانات پر ضروری اقدامات لئے جائیں۔اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل سے یہ معلومات دیتے ہوئے او آئی سی نے ٹویٹ کیا ’’اسلامی تعاون تنظیم نے ہندوستان کی ریاست اتراکھنڈ کے ہری دوار میں مسلمانوں کی نسل کشی سے متعلق حالیہ عوامی مطالبات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس نے سوشل میڈیا سائٹس پر مسلم خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کے ساتھ ساتھ جنوبی ریاست کرناٹک میں مسلم طالبات کے حجاب پہننے پر پابندی عاید کرنے کی اطلاعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔