سرینگر//پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون نے کہا ہے کہ حملوں کی حالیہ وارداتیں اکثریتی برادری کو اس میں ملوث کرنے کی دانستہ کوشش ہے اور حکومت کے پاس اسکا ردعمل موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا اقلیتی برادری کو تشدد کا نشانہ بنانے اور اکثریتی برادری کو ایک دوسرے سے الگ کرنے اور اسے وحشت ناک پیش کرنیکی کوشش کی جارہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ضروری ہے کہ اکثریتی طبقہ اور ان لوگوں کے درمیان فرق کیا جائے ،جو صرف چند افراد پر مشتمل ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ان لوگوں نے کثریتی طبقے کو بھی نہیں بخشا ہے اور اپنی مرضی سے قتل کیا ہے اور ان تمام لوگوں کو نشانہ بناتے رہتے ہیں جو ان کے نقطہ نظر کے مطابق نہیں ہیں۔لون نے اس بات پر زور دیا کہ اہم بات یہ ہے کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں ثابت قدم اور متحد رہیں اور اپنے لوگوں اور اپنی زمین کی حفاظت کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا اجتماعی ورثہ اور ہماری جدوجہد ہماری اجتماعی تاریخ ، ہماری مشکلات کا تقاضا ہے کہ ہم سمجھیں کہ یہ سرزمین ہماری ہے اور ہم مل کر غاصبوں اور تجاوز کرنے والوں کو ہمیں خوفزدہ کرنے میں ناکام بنائیں گے۔پیپلز کانفرنس کے سربراہ کا کہنا تھاایک بے بس شہری تشدد کے خلاف کچھ نہیں کر سکتا اور اکثریتی برادری اقلیتی برادری کی طرح تکلیف دہ اور خوفزدہ ہے۔ میں کسی وہم میں نہیں ہوں، اقلیتی برادری کو نشانہ بنانے والی بندوقیں کل اکثریتی برادری کو نشانہ بنائیں گی۔ لون نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ تین دہائیوں سے ماضی میں ایسا کیا ہے ، انہوں نے یہ کام صرف چند دن پہلے کیا ہے اور وہ دوبارہ کریں گے۔ انہوں نے کہااہم بات ان کی دیوانگی نہیں ہے بلکہ سیاہ کو سیاہ کہنے کا ہمارا عزم ہے۔ سجاد غنی لون نے کہا میں ایک کشمیری مسلمان ہوں اور میرے عزیز باپ کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا اور میرے جیسے ہزاروں ہیں، ہم سب اس میں ایک ساتھ ہیں، ہم اپنے پیاروں کو گولیوں سے کھونے کے درد سے جڑے ہوئے ہیں۔ جو لوگ ملوث ہیں ، جو تشدد پر یقین رکھتے ہیں ان کا کوئی مذہب ، کوئی عقیدہ اور کوئی قومیت نہیں ہوتی۔