سرینگر/خودکو حافظ محمد سعید کا ایک بہت بڑا حامی قرار دیتے ہوئے پاکستان کے سابق صدر جنرل(ر)پرویز مشرف نے کہا ہے کہ لشکر طیبہ جموں کشمیر میں سرگرم ہے اور وہ خود ریاست کے اندر’’ایکشن اور بھارتی فورسز کو زیر کرنے ‘‘کے حق میں ہیں۔ کے ایم این مانیٹرنگ کے مطابق دوبئی میں خود ساختہ جلا وطنی کی زندگی گزاررہے ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ممبئی حملوں کے مبینہ سرغنہ اور جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کشمیر میں ملوث ہیں اور وہ ان کی حمایت کرتے ہیں۔حال ہی میں23سیاسی جماعتوں کے گرینڈ الائنس کا اعلان کرنے والے سابق پاکستانی صدر کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ جموں کشمیرکے اندر ’’ایکشن‘‘ اور وادی میں بھارتی فورسز کو ’’دبانے‘‘ کے حق میں رہے ہیں۔لشکر طیبہ کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا ’’یہ(لشکر) سب سے بڑی طاقت ہے، بھارت نے امریکہ کے ساتھ ساز باز کرکے اس تنظیم کو دہشت قرار دینے میں کامیابی حاصل کی، جی ہاں!یہ (لشکر طیبہ) کشمیر میں سرگرم ہے لیکن کشمیر میں سارا معاملہ بھارت اور ہمارے درمیان ہے‘‘۔پرویز مشرف نے اپنے آپ کو حافظ محمد سعید کا سب سے بڑا حامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ معلوم ہے کہ یہ تنظیم اور جماعت الدعوۃ انہیں بھی پسند کرتے ہیں ۔کے ایم ا ین کے مطابق اپنے دور صدارت میں لشکر طیبہ پر پابندی عائد کرنے کے بارے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے سابق فوجی جنرل نے کہا کہ انہوں نے مختلف قسم کی صورتحال میں اس تنظیم پر پابندی عائد کی تھی۔تاہم انہوں نے اس کی تفصیل بیان نہیں کی۔سابق پاکستانی صدر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حافظ محمد سعید کو پاکستان میں دس ماہ کی نظر بندی کے بعد عدالتی حکم پر رہا کردیا گیا ہے اور انہوں نے کشمیر کاز کیلئے کام کرنے کا اعادہ کیا ہے۔
پاکستان میں قدم جمانے کیلئے مشرف کچھ بھی کر سکتے ہیں:عمر عبداللہ
جموں//سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں قدم جمانے کیلئے پرویز مشرف کچھ بھی کرسکتے ہیں۔انہوں نے اِن خیالات کا اظہار سابق پاکستانی صدر پرویز مشرف کے اُن ریمارکس پر کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ لشکر طیبہ کے حامی ہیں ۔کشمیر نیوز سروس کے مطابق سابق پاکستانی صدر پرویز مشرف کے ریمارکس پررد ِعمل ظا ہر کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف پاکستان میں قدم جمانے کیلئے کچھ بھی کرسکتے ہیں ۔انہوں نے سماجی رابط ویب سائٹ ٹویٹر پر تحریر کرتے ہوئے کہا ’مشرف پاکستان میں قدم جمانے کیلئے کچھ بھی کرسکتے ہیں ‘۔انہوں نے قومی میڈیا کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ اب کچھ نیوز چینلیں اور اینکر اس شخص کا انٹر ویو کرنے کیلئے اپنے آپ کو روک سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ہوسکتا ہے کہ کچھ نیوز چینلیں اور اینکر اس شخص کا انٹر ویو کرنے سے خود کو روک سکتے ہیں ،کیو نکہ یہ صاف ظاہر ہے پاکستان میں قدم جمانے کیلئے وہ(مشرف) کچھ بھی کرسکتے ہیں ۔