بارہمولہ//شمالی قصبہ بارہمولہ سے14 کلو میٹر دور پہاڑی پر واقع حاجی بل نامی گائوں میں پینے کے صاف پانی کی قلت کی وجہ سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی لوگوں نے جل شکتی محکمہ پر الزام عائد کر تے ہوئے بتا یا کہ محکمہ کی عدم توجہی سے پانی کی سپلائی بُری طرح سے متاثر ہے اور لوگ گندہ پانی پینے پر مجبور ہیں جس سے مہلک بیماریاں پھوٹ پڑنے کا خطر ہ بھی لاحق ہے۔ ایک مقامی شہری محمد ابراہیم نے بتا یا کہ اگر چہ علاقے میں ایک ٹینکی نصب ہے تاہم متعلقہ محکمہ کی غفلت شعاری کی وجہ سے وہ کافی خستہ حال ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹینکی کے کئی حصوں میں سراخ بھی ہیںاور اُس میں گندہ پانی جمع ہوا ہے جس کی وجہ سے مقامی آباد ی آلودہ پانی پینے پر مجبور ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گائوں میں کئی چشمے بھی تھے لیکن وہ بھی خشک ہوگئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ اگر ان چشموں کی مرمت کی جاتی تو کسی حد تک پینے کا صاف پانی میسر ہوتا ۔انہوں نے بتایا کہ کئی بار متعلقہ محکمہ کو گائوں کی اس پریشانی سے آگاہ کیا گیالیکن انہوں نے کوئی توجہ نہیں دی۔ لوگوںنے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے فوری طور قدامات کئے جائیں۔