بانڈی پورہ//حاجن میں دریائے جہلم کے کناروں سے غیرقانونی طورریت نکالنے سے دریاکے باندھ کمزور ہورہے ہیں جس سے مقامی آبادی کو خطرہ لاحق ہے۔پہربل رکھ حاجن بانڈی پورہ کے لوگوں کے ایک وفد نے اس سلسلے میں پیر کوڈپٹی کمشنر کی نوٹس میں یہ معاملہ لایا اور مطالبہ کیا کہ دریائے جہلم سے غیرقانونی طورریت نکالنے کے کام کوروکا جائے۔وفد نے ڈپٹی کمشنربانڈی پورہ کے دفتر کے باہر نامہ نگار کو بتایا کہ دریائے جہلم سے رات کے دوران ایک گروہ غیرقانونی طور دونوں اطراف ریت نکال رہا ہے جس سے کہ دریاکے باندھوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ آبپاشی وفلڈکنٹرول اورتحصیل انتظامیہ کی نوٹس میں یہ معاملہ لائے جانے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ انہوں نے مزیدالزام لگایا کہ اگرچہ متعدد بار پولیس نے کئی افراد کو رنگے ہاتھوں ریت نکالتے ہوئے پکڑا بھی ،تاہم نامعلوم وجوہات کی بناپر ان کی چھوٹ دی گئی ۔وفد نے ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ ڈاکٹر اویس احمد سے مطالبہ کیا کہ پہر بل رکھ حاجن میں غیر قانونی طور پر ریت نکالنے والے گروہ کے خلاف قانونی کارروائی کرکے اس کی روکتھام کے لئے عملی قدم اٹھایا جائے۔