بانڈی پورہ //عازم جان //اپنی پارٹی کے نائب صدر عثمان مجید نے کہا ہے کہ پاکستانی زیر انتظام آزاد کشمیر کی جن 2امیدواروں کی وجہ سے ضلع ترقیاتی کونسل چنائو کی گنتی پر الیکشن کمشنر آف انڈیا نے روک لگائی ہے، کے نتائج کو ظاہر کیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ کانگریس ، نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی دفعہ 370اور35اے کو ختم کرنے کیلئے90فیصداور بی جے پی 5فیصدذمہ دار ہے ۔انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی اور این سی نے بی جے پی کے اقتدار میں شریک ہوکر جموں و کشمیر میں بھاجپا کو جگہ دی اورآج ہمیںہی الٹا ہی کوستے ہیں ۔ عثمان مجید نے کہا جس طرح سے گپکار الائنس نے ڈی ڈی سی چناو مہم کے دوران اپنی پارٹی کے خلاف پروپیگنڈا کی مہم چلائی ،اسی طرح بی جے پی نے بھی اپنی پارٹی کے خلاف چناو مہم کے دوران پروپیگنڈا کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ انہوںنے کہاکہ اگر اپنی پارٹی بھاجپا کی بی ٹیم ہوتی تو بی جے پی ہمارے خلاف امیدوار نہ اتارتی ۔انہوںنے کہاکہ اپنی پارٹی لوگوں میں نئی جماعت ہے اور لوگ اس نئی پارٹی کے نام اور نشان سے ناواقف تھے لیکن اس کے باوجود بھی اپنی پارٹی کا ووٹ شیر گپکار الائنس کے مقابلے میں بہت حد تک بہتر رہا ہے اور تنہا ہی شمالی کشمیر میں تین فیصد سے زیادہ ووٹ شیئر رہا ۔انہوں نے دعوی کیا کہ اگلے اسمبلی چناو میں اپنی پارٹی بھرپور سیاسی قوت سے حصہ لے گی اورلوگ کھرے اور کھوٹے میں تمیز کرنا سمجھتے ہیں۔