سر ی نگر//محکمہ صنعت و حرفت نے ریاست کے لئے اپنی نوعیت کے پہلی جے اینڈ کے سٹارٹ اَپ ۔ پالیسی 2018ء کا آغاز کیا۔ اس پالیسی کو ریاستی انتظامیہ کونسل نے گورنر ستیہ پال ملک کی سرپرستی میں پچھلے ہفتے منظوری دی تھی۔اس پالیسی کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے صنعت وحرفت کے پرنسپل سیکرٹری شیلندرکمار نے آج کہا کہ پالیسی کا مقصد نوجوان کارخانہ داروں کو جدید طور طریقوں سے روشنا س کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے ذریعے اقتصادی ترقی کو بڑھاوا دینے اور روزگار کے مواقعوں میں اضافہ کرنا ممکن ہوگا۔اُنہوں نے کہا کہ پالیسی نئے کارخانہ داروں کو 10نئے طرز کے انکیو بیٹرس ، انوویشن لیبس اور فیبرکیشن لیبس قائم کرنے میں مدد ملے گی۔اس عمل میں نجی سیکٹر بھی شامل ہوگااور اس سلسلے میں مؤثر عمل آوری یقینی بنانے کے لئے ایک مضبوط ادارتی فریم ورک کی تشکیل ہوگی۔شیلند کمار نے مزید کہا کہ اِنکیوبیشن کے دوران 12ہزار روپے(ایک سال کی مدت کے لئے) کا الائونس فراہم کیا جائے گااور ایک باقاعدہ پروڈکٹ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ یا کسی جدید پروڈکٹ کو متعارف کرنے کے لئے 12لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔اس پالیسی کے تحت نئے کارخانہ داروں کو فوڈ پروسسنگ اور ان سے منسلک سرگرمیوں ، زراعت ، باغبانی ،پھولبانی،ٹیکسٹائل ،فیشن ٹیکنالوجی ، قابل تجدید توانائی ، ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم ، الیکٹرانک سسٹم وغیرہ کے لئے خصوصی رہبری فراہم کی جائے گی اور یہ پالیسی 10برس کی مدت کے لئے ویلڈ ہوگی۔
جے کے سٹارٹ اَپ ۔پالیسی 2018 کا آغاز
