سرینگرـ// جموں و کشمیر بینک نے کل اپنی سماجی ذمہ داری کے مشن کو آگے لیجاتے ہوئے ایک غیر منافہ بخش ادارہ غوثیہ شفاخانہ اینڈ ڈایئگناسٹک سینٹر کو ایک ایمبولنس گاڑی عطیہ کے طور پر دی۔ یہ تنظیم ادارہ اوقاف غوثیہ سرائے بالا سرینگر کے تحت کام کررہا ہے۔ آستان عالیہ زیارت دستگیر صاحبؒ سرائے بالا پر حاضری دیتے ہوئے جے کے بینک چیئر مین اور چیف ایکزیکٹیو پرویز احمد نے ایمبولنس کی چابیاں اوقاف کمیٹی کے چیئر مین معراج الدین بوجا کے حوالے کیں۔ اس موقع پر بینک کے ایکزیکٹیو پریذیڈنٹ عبدالرشید شگن، وائس پریذیڈنٹ خان روشن خیال، زونل ہیڈ تبسم نذیر، کلسٹر ہیڈ بشیر احمد سندرو، کلسٹر ہیڈ فیاض احمد ملک اور اوقاف کے دیگر زعماء موجود تھے۔ آستان عالیہ پر حاضری دیتے ہوئے پرویز احمد نے کہا کہ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ جیسے روحانی بزرگوں نے ہمیں سماج کے تئیں خدمات پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے اینڈ کے بینک اپنی سماجی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے سماج کے مختلف شعبوں میں لوگوں کی خدمت میں پیش پیش رہاہے اور ہم ریاست میںسماجی، تعلیمی اور طبعی شعبوں میں اپنا بھر تعاون دیتے رہیں گے۔اس موقع پر آستان عالیہ زیارت دستگیر صاحبؒ میں پرویز احمد کی دستار بندی کی گئی۔