جے کے بنک فائنانشل سروسز میں 148امیدواروں کی تقرری

 سرینگر//جموں و کشمیر بینک کے مکمل ما تحت ادارے جے کے بینک فائنانشل سروسز  JKBFSLنے  مختلف اسامیوں کیلئے 148منتخب امیدواروں کی فہرست جاری کی۔ ان اسامیوں میں رلیشن شپ ایگزیکٹیو، پراسیسرس۔ ڈیلرس، رلیشن شپ منیجرس،  رِسک منیجمنٹ وغیرہ شامل ہیں جو اندرون ِ ریاست بینک کی مختلف فائنانشل سروسز میں کام کریںگے۔ان مختلف نوعیت کی اسامیوں کیلئے تحریری امتحان انسٹی چیوٹ آف بینکنگ پرسنل سیلیکشن (IBPS) ممبئی  نے منعقد کرایا تھا ۔ یہ وہ انسٹی چیوٹ ہے جو ملک کے تمام بڑے بینکوں میں تقرری کیلئے تحریری امتحان لے رہا ہے اور اسکے گورننگ بورڈمیں ریزور بینک آف انڈیا،مرکزی خزانہ وزارت، انڈین انسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی ممبئی، انڈین انسٹی چیوٹ آف بینکنگ اینڈ فائنانس ، نیشنل انسٹی چیوٹ آف بینک منیجمنٹ، انڈین بینکس ایسو سی ایشن کے نمائندے شامل ہوتے ہیں۔IBPS  کی جانب سے منعقد تحریری امتحان کے نتائج ظاہر ہونے کے بعد اُن امیدواروں کی فہرست 12جنوری2019 کو اخباروں میں شائع کی گئی جنہیں زبانی انٹرویو کیلئے منتخب کیا گیا ۔آن لائن تحریری ٹیسٹ اور انٹرویو میں کارکردگی کے بعد نہایت شفافیت کے ساتھ آج  جے کے بینک فائنانشل سروسز میں 148 امیدواروں کی سلیکشن لسٹ سامنے لائی گئی۔جموں وکشمیر بینک کے چیئرمین و سر پرست اعلیٰ  نے منتخب امیدواروں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ریاست کے قابل ترین نوجوانوں کی ٹیم ہماری توقعات پر پوری اُترے گی۔ یہ تقرریاں JKBFSL میں ہمارے چار سالہ بزنس منصوبے  کے تحت کی گئی ہیں جس منصوبے کو بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرس نے چند مہینے قبل منظوری دیدی ہے۔  چیئرمین نے کہا کہ اِنوسٹر مارکیٹ میں ہم ریاست کے شہری علاقوں میں اُن بہتر مالیت والے اشخاص، پیشہ ور نوجوانوں ، کاروباریوں اور سرکاری ملازمین وغیرہ کیلئے فائنانشل پروڈکٹس  کا گلدستہ پیش کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارے اس کاروباری منصوبے کے تحت ہم اس ملحقہ ادارے کی شاخوں کو دس سے بڑھاکر 75 کرنا چاہتے ہیں جسکے بعد ایسے فاینانشل سروس مراکز ہم اگلے دو  برسوں میں  دو سو تک بڑھانا چاہتے ہیں۔ ہم  ٹیکنالوجی سے مرغوب کسٹمروں کیلئے ڈجیٹل ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کر نا چاہتے ہیں ۔ JKBFSL کمپنی کا نظریہ پیش کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ ہم چند برسوں میں اسے لسٹڈ کمپنی بنانا چاہتے ہیں جس سے ایم بی اے گریجویٹ طالب علموں کیلئے روزگار کے مواقع کھل سکتے ہیں۔ اس بار ہم نے اگر صرف 148امیدواروں کو منتخب کیا تاہم اب بھی  ریاست کے ہونہار امیدواروں کیلئے موقع ہے جب وہ اگلے مہینے جے کے بینک تحریری امتحان میں شامل ہورہے ہیں۔ ریاست کی وسیع جغرافیہ میں ترقیوں کے حصول میں کافی گنجائش ہے جہاں قابل اور پڑھے لکھے نوجوانوں کی ضرورت ہے۔بینک کے وائس پریزیڈنٹ اور JKBFSL کے منیجنگ ڈائریکٹر منظور احمد نے کہا کہ ہمارے بزنس منصوبے کو بروئے کار لانے کیلئے  بہتر انسانی و سائل کا ہونا  نہایت لازم ہے جس سمت یہ ہمار ا ایک بڑھتا قدم ہے۔ انہوں نے کہا یہ تقرریاں نہایت شفافیت کے ساتھ کی گئیں ہیں اور تمام امیدواروں کی میرٹ لسٹ ہمارے آفس میں ہر وقت دستیاب رہے گی۔