راجوری//جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی مسماری مہم کے خلاف احتجاجی دھرنا جمعہ کو مسلسل تیسرے وز بھی جاری رہا جس کے ساتھ راجوری ضلع میں بھی متعدد احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور مظاہرین نے تمام بے گھر خاندانوں کی بحالی کا مطالبہ کیا۔جموں کے روپ نگر میں ان خاندانوں کا احتجاجی دھرنا جن کے ڈھانچے کو چار دن پہلے مسمار کر دیا گیا تھامسلسل تیسرے دن بھی احتجاجی دھرنا جاری رہا۔کئی سرکردہ لیڈران بھی احتجاج میں شامل ہوئے اور جے ڈی اے کی طرف سے انہدامی مہم کے خلاف آواز اٹھائی اور محکموں کے اقدام پر جموں و کشمیر حکومت کی خاموشی پر سوال اٹھایا۔دریں اثنا، جمعہ کو راجوری میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے جس میں مظاہرین نے جے ڈی اے کے اقدام کو مخصوص قرار دیتے ہوئے بے گھر خاندانوں کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔راجوری میں، اسلامک ویلفیئر آرگنائزیشن نے حالیہ مہم کے دوران مکانات کو مسمار کرنے پر جے ڈی اے اور یو ٹی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا اور الزام لگایا کہ جموں کے روپ نگر میں صرف مسلم کمیونٹی کے مکانات کو مسمار کیا گیا ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ مہم مخصوص طبقہ کیلئے تھی۔سینکڑوں افراد نے غریب لوگوں کے مکانات گرانے اور انہیں بے گھر کرنے پر انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ ایک مخصوص طبقہ کے لوگوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔اسلامک ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر شفقت میر نے یو ٹی انتظامیہ اور جے ڈی اے کے رویہ کی مذمت کرتے ہوئے اس اقدام کو غیر انسانی اور ظالمانہ قرار دیا۔اس موقع پر مختلف مقررین نے یک آواز ہو کر ان خاندانوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا وعدہ کیا جنہیں جے ڈی اے کی انہدامی مہم کا سامنا کرنا پڑا۔
سرنکوٹ میں مختلف تنظیموں کا احتجاج
بختیار کاظمی
سرنکوٹ //جموں میں ہوئی انہدامی مہم کے سلسلہ میں آل ٹرائبل کوآر ڈی نیشن کمیٹی اور سرنکوٹ کے نوجوانوں نے تحصیل کمپلیکس کے باہر شدیداحتجاج کیا ۔مظاہرین نے روپ نگر جموں میں جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کی گئی کارروائی کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہاکہ گوجر بکروال طبقہ کو غیر قانونی طریقہ سے حراساں کیا جارہا ہے ۔احتجاج کے دوران تنویر چوہدری ،سکندر حیات ،یوتھ لیڈر سکندر نورانی ضلع صدر آل جموں وکشمیر پنچایت کانفرنس اعجاز چوہان نے بے دخلی مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔مظاہرین نے حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ جموں میں غریب طبقہ کو شدید پریشان کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اقلیتی طبقہ کیخلاف ایک مہم چلائی جارہی تھی جو کہ قابل مذمت ہے ۔اس دوران جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی ۔
جے ڈی اے کارروائی پر وکلا برہم
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//کورٹ کمپلیکس سرنکوٹ میںسنیئر پی ڈی پی لیڈر اور سنیئر ایڈوکیٹ شیخ مختار کی قیادت میں وکلا ء نے جموں میں جے ڈی اے کی کارروائی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایک مخصوص طبقہ کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔وکلاء نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے گوجر بکروال طبقہ کیخلاف غیر قانونی طریقہ سے مہم چلائی جارہی ہے ۔سرنکوٹ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وکلا ء نے کہاکہ روپ نگر جموں میں رہائشی مکانات کو غیر قانونی طریقہ سے مسمار کر دیا گیا ہے ۔اس موقعہ پر ایڈوکیٹ شیراز بجاڑ، ایڈووکیٹ عمر فاروق ملک، ایڈوکیٹ انتخاب قاضی ،ایڈوکیٹ نظار احمدودیگران نے انتظامیہ سے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ متاثرین کوا انصاف فراہم کیا جائے نہیں تو اس سلسلہ میں مسلسل احتجاج شروع کیا جائے گا ۔
کارروائی کیخلاف منڈی میں بھی ناراضگی ظاہر کی گئی
عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل صدر مقام منڈی میںنمازِ جمعہ کے بعد عوام کی جانب سے جموں روپ نگر میں گوجر بکروال طبقہ کیخلاف کی گئی کارروائی کے خلاف احتجاج کیا گیا ۔مظاہرین نے جموں ڈولپمنٹ اتھارٹی کے خلاف جم کر نعرے بازی کی ۔مظاہرین نے جے ڈی اے اور متعلقہ یوٹی انتظامیہ کے خلاف جم کر نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ جموں شہر کے روپ نگر علاقہ میں بسے گوجر بکروال لوگوںکے رہا ئشی مکانا ت کے خلاف جے ڈی اے کی جانب سے غیر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔انہوں نے مذکورہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ گوجر طبقہ کے لوگ روپ نگر علاقہ میں سا ت دہائیوں سے رہائش پذیر تھے تاہم جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے غیر قانونی طورپر ان کے رہائشی مکانات کو منہدم کرکے ساز و سامان تباہ کر دیا گیا ہے ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ لو گوں کو ان کی ملکیتی گھروں سے زبر دستی نکال رہی ہے ۔انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اگر مذکورہ متاثرین کو بنیادی حقوق نہیں دئیے گئے تو انتظامیہ کیخلاف احتجاج شروع کر دیا جائے گا ۔