عظمیٰ نیوز سروس
جموں//قانون ساز اسمبلی نے کل جل جیون مشن (جے جے ایم) سے متعلق ہاؤس کمیٹی کو اَپنی رپورٹ پیش کرنے کے لئے دو ماہ کی توسیع دی ہے ۔یہ تحریک منظور کی گئی اورصوتی ووٹ کے ذریعے توسیع دی گئی۔ہاؤس کمیٹی کے چیئرمین جسٹس حسنین مسعودی نے ایک قرارداد پیش کی جس میں کہا گیا،’’ یہ ایوان جل جیون مشن سے متعلق ہاؤس کمیٹی کی مدت میں مزید تین (3) ماہ کی توسیع کرے تاکہ وہ اپنا تفویض کردہ کام مکمل کر کے رِپورٹ پیش کر سکے۔‘‘
ایوان نے نوٹ کیا کہ کمیٹی کو جموں و کشمیر میں جے جے ایم کے تحت مکمل کئے گئے کاموں کی جانچ کے لئے مزید وقت درکار ہے اور رپورٹ پیش کرنے کے لئے تین ماہ کی توسیع دی گئی۔سپیکر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھرنے کہا کہ ہاؤس کمیٹی نے زیادہ تر کام مکمل کیاہے۔ تاہم ،رپورٹ پیش کرنے کے لئے مزید وقت درکار ہے کیوں کہ تقریباً 3,200 واٹر سپلائی سکیموں (ڈبلیو ایس ایس) کا جائزہ لینا باقی ہے۔اِس سے قبل اراکین اسمبلی اعجاز جان، شیام لال شرما، سجاد غنی لون، میر سیف اللہ، نذیر احمد خان (گریزی)، محمد یوسف تاریگامی اور پیرزادہ فاروق احمد شاہ نے جے جے ایم کی عمل آوری سے متعلق مختلف مسائل اُٹھائے۔اراکین نے مکمل شدہ واٹر سپلائی سکیموں کو عوام کے لئے مؤثر بنانے، مکمل کئے گئے کاموں کے لئے ڈیپازٹس کی اِجرائی اور جے جے ایم کے تحت زیر اِلتوأمنصوبوں کی تکمیل پر زور دیا۔