عازم جان
بانڈی پورہ//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس بانڈی پورہ نے کل G-20 2023 کے بینر تلے ارن فشریز پوائنٹ سے ہائر سیکنڈری اسکول (HSS) نادی ہل تک واک تھون کا انعقاد کیا۔یہ تقریب G-20 سربراہی اجلاس کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے منعقد کی گئی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس آفیسر بانڈی پورہ، نذیر احمد بٹ، پرنسپل ایچ ایس ایس نادی ہل، ایس ایچ او تھانہ سملر کے علاوہ فوج کے افسران موجود تھے۔ تقریب میں ضلع بھر کے مختلف سکولوں کے 1200 طلبا نے شرکت کی۔شرکا میں یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کئے گئے۔ ادھرضلع بارہمولہ میں G-20 کے کچھ پروگراموں کی میزبانی کرنے کا امکان ہے، ڈپٹی کمشنر بارہمولہ، ڈاکٹر سید سحرش اصغر نے کل رن فار G-20 واکتھون کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
واک کاتھون کا انعقاد یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس بارہمولہ کی جانب سے کیا گیا تھا جس میں مختلف تعلیمی زونز سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں اسکولی بچوں، فیکلٹی اور غیر تدریسی عملے نے شرکت کی، جو بعد میں یہاں کے ڈاک بنگلے پر اختتام پذیر ہوئی۔ڈاکٹر سحرش نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد ہندوستان کی G20 صدارت کے پیغام کو عام طور پر لوگوں اور خاص طور پر اسکول کے بچوں میں پھیلانا ہے۔انہوں نے محکموں کو مزید ہدایت کی کہ وہ G-20 کی صدارت حاصل کرنے والے ہندوستان کے تمام تعلیمی اداروں میں سیمینار اور مباحثے کے مقابلوں کا اہتمام کریں۔ ڈاکٹر سحرش نے اس موقع پر یہ بھی بتایا کہ G-20 ایونٹس کے انعقاد کے لیے تمام متعلقہ انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور بارہمولہ کی خوبصورتی اور سیاحتی صلاحیت کو ظاہر کرنے کے لیے ضلع میں بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جا رہا ہے۔ادھرمحکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس شوپیاں نے کل شوپیاں میں واک کاتھون-2023 کا انعقاد کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شوپیاں یار علی خان نے اسسٹنٹ کمشنر ریونیو شوپیاں شہباز احمد بودا، سٹیشن ہاؤس آفیسر جی ایچ جیلانی اور پرنسپل گورنمنٹ بی ایچ ایس ایس شوپیاں محمد کی موجودگی میں واک کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ریلی گورنمنٹ بی ایچ ایس ایس شوپیاں سے شروع ہوئی اور شوپیاں کے مرکزی بازار سے گزری۔ریلی کے دوران عوام کو G-20 سمٹ 2023 اور سمارٹ سٹی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ادھر ڈسٹرکٹ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس بڈگام نے واکتھون 2023 کا انعقاد کیا۔ ڈی وائی ایس ایس بڈگام نے ڈی وائی ایس ایس او بڈگام گورمکھ سنگھ دتہ کی رہنمائی اور نگرانی میں ریلوے پل بڈگام سے بہشت زہرہ پارک تک ایک ریلی کا انعقاد کیا جس میں ضلع کے مختلف اسکولوں کے سینکڑوں لڑکے اور لڑکیوں نے بڑے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔