جموں//جی ایس ٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈیلروں کے خلاف اپنی کارروائی جاری رکھتے ہوئے سٹیٹ ٹیکسز محکمہ کی ایک ٹیم نے جموں میں کئی ڈیلروں کے خلاف کاروائی کی ۔ معائنے کے دوران ٹیم نے پایا کہ ایم ایس ڈوگرہ میڈیکل ہال نے 2017-18 میں ڈیڑھ کروڑ روپے کی سیل درج کی تھی البتہ جی ایس ٹی ریٹرن رپورٹ میں اُس نے یہ سیل محض 72 لاکھ روپے درج کی تھی جس کے بعد جے اینڈ کے ایس جی ایس ٹی ایکٹ کی دفعہ 67 کے تحت مذکورہ ڈیلر کے خلاف کاروائی کی گئی ۔ ٹیم نے ایم ایس ایشین روڈ ویز جموں کا معائینہ کر کے 4 ہزار کلو گرام پالیتھین ضبط کیا اور اسے ریاستی پولیوشن کنٹرول بورڈ کے حوالے کیا ۔ ٹیم نے ایک ٹرک سے بغیر بل کے 1450 کلو گرام تانبہ بھی ضبط کیا جس کے بعد مذکورہ گاڑی کو بھی ضبط کیا گیا ۔ محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ گذشتہ ہفتے کے دوران محکمہ کی ٹیموں نے مختلف ڈیلروں کے خلاف کاروائی کی اور جی ایس ٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مختلف دفعات کے تحت ضروری کاروائی کی گئی ۔ محکمہ نے 1300 سے زیادہ ایسے ڈیلروں کی نشاندہی کی ہے جنہوں نے 718.72 کروڑ روپے کی خرید و فروخت کی ہے اور جی ایس ٹی قوانین کے مطابق ریٹرن داخل نہیں کئے ہیں ۔ محکمہ ان ڈیلروں کے خلاف کاروائی کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے ۔