سرینگر//پی ایچ ای، اری گیشن اور فلڈ کنٹرول کے سیکرٹری فاروق احمد شاہ نے 1500 کروڑ روپے لاگت والے جے ٹی ایف آر پی پروجیکٹ کی عمل آوری کا ایک میٹنگ کے دوران جائیزہ لیا۔ انہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ پروجیکٹ کی عمل آوری میں تیزی لائیں۔میٹنگ میں سی ای او ، جے ٹی ایف آر پی ونود شرما، ڈائریکٹر ڈیزاسٹر منجمنٹ عامر علی اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔افسروں نے اس موقعہ پر سیکرٹری کو پروجیکٹ کے مختلف امور کے بارے میں جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ کام شد ومد سے جاری ہے اور پروجیکٹ کے تمام مدوں کے ڈی پی آر تیار کرنے اور ٹینڈرنگ کا عمل جاری ہے۔سی ای او جے ٹی ایف آر پی نے کہا کہ پہلے مد کے تحت206 کروڑ روپے لاگت والے کام مکمل کئے جائیں گے جبکہ پروجیکٹ کے دوسرے مرحلے کے تحت604 کروڑ روپے کے کام عملائے جائیں گے۔ علاوہ ازیں تیسرے مد کے تحت اربن فلڈ منجمنٹ بنیادی ڈھانچے کے کام273 کروڑ روپے کی لاگت سے ہاتھ میں لئے جائیں گے۔ اسی طرح چوتھے مد کے تحت107 کروڑ روپے جبکہ آخری مد کے تحت159 کروڑ روپے کے کام ہاتھ میں لئے جائیں گے۔سیکرٹری موصوف نے پروجیکٹ کی تیز تر عمل آوری کے لئے پی ایم یو اور متعلقہ محکموں کے مابین بہتر تال میل پر زور دیا۔ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے حوالے سے فاروق احمد شاہ نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ ڈیزاسٹر تیاریوں کے پروگراموں کے بارے میں بیداری پیدا کریں۔اس دوران بتایا گیا کہ ڈیزاسٹر منیجمنٹ محکمہ مختلف سطحوں پر بیداری پروگراموں کا انعقاد کرتا ہے۔