سرینگر//ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ بورڈ سرینگر کی میٹنگ میں جھیل ڈل اور نگین علاقوں میں ناجائیز تعمیرات و تجاوزات ہٹانے کیلئے فوری طور مہم شروع کرنے کی ہدایت کے تحت لاؤڈا کی انفورسمنٹ وِنگ نے شہرۂ آفاق جھیلو ں کے گرد و نواح میں غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کرنے کی کاروائی انجام دی۔ مہم کے پہلے مرحلہ میں پولیس اسٹیشن رعنا واری کے تحت آنے والے علاقے میں کئی کاروباری عمارتیں اور دکانیں منہدم کی گئیں۔ منگل کے دن انہدامی مہم کے دوران نائیدیار میں محمد یوسف یتو کی دکانیں اور جوگی لنکر میں عبدالمجید ندوی کی کاروبار ی عمارت کو منہدم کیا گیا۔نائیدیار میں انہدامی کاروائی کے دوران کچھ لوگوں نے پولیس اور ڈیمالشنگ سکارڈ پر پتھراؤ کیا جس کی وجہ سے انہدامی کاروائی کو ایک دن کیلئے معطل رکھا گیا۔ لاؤڈا کی طرف سے یہاں غیر قانونی تعمیر کے سلسلے میں پہلے ہی ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔لیکس اینڈ واٹر ویز نے غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افراد کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اس طرح کی تعمیرات سے باز رہیں ورنہ اُن کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔