پیرس، 07 جون (یواین آئی) آسٹریا کے ڈومینک تھیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی نمبر دو کھلاڑی اور دفاعی چمپئن سربیا کے نوواک جوکووچ کو بدھ کو کوارٹر فائنل میں مسلسل سیٹوں میں سات۔ چھ، چھ۔تین اور چھ ۔صفر سے شکست دے کر سال کے دوسرے گرینڈ سلیم فرنچ اوپن سے باہر کر دیا۔ چھٹی سیڈ تھیم نے فرنچ اوپن کے مردوں کے زمرے کا سب سے بڑا الٹ پھیر کرتے ہوئے جوکووچ کو شرمناک شکست دی۔ تھیم نے یہ مقابلہ دو گھنٹے 15 منٹ میں جیت لیا۔ تھیم کا اب سیمی فائنل میں نو بار کے چیمپئن اور چوتھی سیڈ اسپین کے رافیل نڈال سے مقابلہ ہوگا۔ رولا گیرو پر 10 ویں خطاب کی تلاش میں مصروف نڈال کوارٹر فائنل مقابلے میں جب ہم وطن پابلو کیرینو بوسٹا کے خلاف چھ۔دو، چھ۔صفر سے آگے تھے کہ بوسٹا نے چوٹ کی وجہ سے میچ چھوڑ دیا اور نڈال نے آخری چار میں جگہ بنا لی۔ اس کے ساتھ ہی وہ 10 ویں بار ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ۔ تھیم مسلسل دوسری بار فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچے ہیں۔ تھیم نے پہلے سیٹ میں دو سیٹ پوائنٹس محفوظ کرنے کے بعد اس سیٹ کا ٹائی بریکر سات۔پانچ سے جیتا۔ انہوں نے پھر اگلے دو سیٹ یکطرفہ انداز میں چھ۔تین ، چھ ۔صفر سے نمٹایا۔ انہوں نے اس جیت کے ساتھ جوکووچ سے حال میں اٹالین اوپن کے سیمی فائنل اور گزشتہ سال فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں شکست کا انتقام بھی لے لیا۔ آسٹریائی کھلاڑی کا یہ 250 واں اے ٹی پی ٹور میچ تھا جس کا جشن انہوں نے جیت کے ساتھ منایا۔ تھیم کا اب 156 جیت اور 94 شکست کا ریکارڈ ہو گیا ہے ۔ تھیم اپنے ملک کے سابق عظیم کھلاڑی تھامس مسٹر کی تاریخ دہرانے کی کوشش کریں گے جنہوں نے 1995 میں فرنچ اوپن کا خطاب جیتا تھا لیکن اس کے لیے انہیں کلے کورٹ کے بادشاہ نڈال کے چیلنج سے نمٹنا ہوگا۔ نو مرتبہ کے چیمپئن نڈال اس سال مونٹے کارلو اور بارسلونا میں 10-10 خطاب کا ریکارڈ بنا چکے ہیں اور ان کی نظریں فرنچ اوپن میں 10 ویں خطاب پر ہیں۔ نڈال کا اس سیشن میں 6-41 کا ریکارڈ ہے جبکہ تھیم 12 -34کے ریکارڈ کے ساتھ ان کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔ 23 سالہ تھیم نے پہلے سیٹ میں دو۔چار سے پیچھے ہونے کے بعد شاندار واپسی کی۔ انہوں نے چار۔پانچ اور 40-15 کے اسکور پر دو سیٹ پوائنٹس محفوظ کئے ۔ تھیم نے ٹائی بریک میں ٹھنڈے دماغ سے کھیلتے ہوئے سابق چیمپئن کو غلطیاں کرنے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے سات۔پانچ سے ٹائی بریک جیتا۔پہلا سیٹ ایک گھنٹے 16 منٹ تک چلا جس میں جوکووچ نے 18 غیرضروری غلطیاں کیں۔ تھیم نے دوسرے سیٹ میں جلد ہی چار۔ایک کی برتری حاصل کرلی۔جوکووچ نے واپسی کی کوشش کی لیکن مسلسل غلطیوں نے اس بڑے کھلاڑی کا حوصلہ توڑ دیا۔ تھیم نے دوسرے سیٹ میں پانچ۔ تین – کے اسکور کے بعد مسلسل سات گیم جیتے ۔ سوزین لینگلین کورٹ پر ناظرین نے جوکووچ کا جوش بڑھانے کی بھرپور کوشش کی لیکن سربیا ئی کھلاڑی نے فیصلہ کن سیٹ میں ہار تسلیم کرلی ۔ یہ دیکھنا واقعی افسوسناک تھا کہ 12 بار کے گرینڈ سلیم فاتح جوکووچ تیسرے سیٹ میں ایک بھی گیم نہیں جیت پائے ۔ اس شکست سے جوکووچ جولائی 2011 کے بعد پہلی بار عالمی درجہ بندی میں چوٹی کے دو کھلاڑیوں سے باہر ہو جائیں گے . اس سے پہلے 14 بار کے گرینڈ سلیم فاتح نڈال نے ہم وطن بوسٹا کے چوٹ کی وجہ سے ہٹ جانے سے 25 ویں بار گرینڈ سلیم سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ اپنے ۰۱ ویں عنوان کے لئے نڈال کو اب تھیم کے چیلنج سے نمٹنا ہوگا جنہوں نے اس سیشن میں حیرت انگیز کھیل کا مظاہرہ کیا ہے ۔