سرینگر// جموں وکشمیر سٹیٹ جوڈیشل اکاڈمی کی طرف سے جے اینڈ کے سٹیٹ جوڈیشل اکاڈمی کمپلیکس مومن آباد سرینگر میں کشمیر اور لداخ صوبوں سے تعلق رکھنے والے نئے انرول کئے گئے وکلاء کے لئے حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی۔راجیو گپتا ڈائریکٹرجموں اینڈ کشمیر سٹیٹ جوڈیشل اکاڈمی نے ان وکلاء کو حلف دلایا اور قانون کے پیشے میںن کا خیر مقدم کیا۔اس موقعہ پر250 وکلاء کو لائسنس عطا کئے گئے تا کہ وہ وکلاء کی حیثیت سے فرائض انجام دے سکیں۔اپنے خطبے میں راجیو گپتا نے کہا کہ قانون ایک ایسا پیشہ ہے جس میں مسلسل سیکھنے کی ضرورت پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روز افزوں نئے قانون وجود میں آتے ہیں لہذا وکلاء کو ہمیشہ اپنے علم میں اضافہ کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ اس پیشہ کی کامیابی کا دارومدار وکلاء کے کام کاج ، تحقیق اور اپنے ساتھیوں و جج صاحبان کے ساتھ تبادلہ خیال پر منحصر ہے۔نئے وکلاء کو عدالتوں کے اندر اور باہر اس پیشہ سے متعلق مختلف امور کے بارے میں جانکاری دی گئی۔