سرینگر//یتیم فائونڈیشن نے رضاکاروںپر زور دیا ہے کہ وہ فائونڈیشن کے مشن کو آگے بڑھائیں اور ضرورت مندوں کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آئیں۔ مرکزی دفتر ’بیت الہلال‘ جواہر نگر میں ضلعی نمائندوں اور پروگرام ایگزیکٹیو کاماہانہ اجلاس چیئرمین محمد احسان راتھر کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں فاونڈیشن سے وابستہ تمام رضاکاروں میں ہم آہنگی پر توجہ دینے پر زور دیاگیاکہ یتیموں ، بیواؤں اور بے سہارا افراد کی فلاح و بہبود اور بحالی کے عظیم انسانی مقصد کیلئے اتحاد ، لگن ، دیانت اور عاجزی کے ساتھ کام کریں۔ احسان راتھر نے رضاکاروں سے کہا کہ وہ یتیم فائونڈیشن کے مشن کو آگے بڑھانے کیلئے سچائی ، انصاف پسندی اور شفافیت کے راستہ پر چلیں اور عوامی مالی وسائل پر چلنے والے اداروں کا تحفظ کریں۔ اجلاس میں تمام ضلعی نمائندوں اور پروگرام ایگزیکٹو نے اپنے اپنے اضلاع میں کی جانے والی سرگرمیوں اور پروگراموں کی ماہانہ پیشرفت رپورٹ پیش کیں۔ جنرل سکریٹری ڈاکٹر طارق احمد ملک نے ماہانہ رپورٹ پر رائے زنی کرتے ہوئے مختلف اضلاع میں ایمبولینس ، میڈی کیئر ، آکسیجن کنسنٹئٹر وغیرہ کی خدمات فراہم کرنے کے علاوہ یتیموں ، غریبوں ، مسکینوں اور بیواؤں کی فلاح و بہبود اور بحالی سے متعلق لازمی سرگرمیاں جاری رکھنے پر سراہنا کی۔ انہوں نے رپورٹ میں پائی جانے والی کوتاہیوں کی نشاندہی کرتے ہوے ضلعی نمائندوں کو ہدایت دی کہ وہ اسلام کے بلند اصولوں پر یتیم فائونڈیشن کے مشن کی آبیاری کریں اور جمہوری نظریات کو برقرار رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ مستحق ، غریب اور مساکین تک پہنچنے کیلئے فلاحی سرگرمیوں کے میدان کو وسیع کرنے کیلئے اپنی تجاویز اور نظریات پیش کریں۔ سینئر رضاکار اور سابق چیئرمین محمد رفیق لون نے اختتامی کلمات میں رضاکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ اپنے مشنری جوش وجذبے کو جاری رکھیں اورجس جوش کے ساتھ وہ موجودہ کوویڈ 19 وبائی بیماری کے دوران کام کر رہے ہیں ، وہ قابل تحسین ہیں۔ اجلاس میں کپواڑہ اور اننت ناگ کے بغیر وادی کشمیر کے تمام اضلاع کے نمائندوں نے شرکت کی۔نشست کا اختتام ضلع شوپیان سے وابستہ رضاکار رفیق احمد میر کی دعا کے ساتھ ہوا۔