جموں//جموں و کشمیر میں بجلی کے شعبے کو مستحکم کرنے کیلئے ایک اہم قدم کے طور پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں ڈویژن میں 367 ایم وی اے کی مجموعی صلاحیت کو بڑھاوا دیتے ہوئے 44.14 کروڑ روپے کے 35 بجلی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی متعدد ای سروسز کا بھی آغاز کیا ۔ پروجیکٹوں پر عمل درآمد میں تاخیر کے ماضی کے طریقوں کو ختم کرنے کے یو ٹی حکومت کے مشن کا اعادہ کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ موجودہ انتظامیہ جوابدہ گورننس کے اصول پر کام کر رہی ہے اور ترقیاتی پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے پُر عزم ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم تاخیر کی میراث کو ختم کر رہے ہیں اور طویل عرصے سے التوا میں پڑے پروجیکٹوں کو ریکارڈ وقت میں مکمل کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا ’ میں جموں و کشمیر کے تمام شہریوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ انتظامیہ آپ کی ضروریات کیلئے مستقل طور پر کام کر رہی ہے اور ملک کے دوسرے حصوں کی طرح 22-20 گھنٹے تک جاری رہنے والی بجلی کو یقینی بنانے کیلئے ایک طویل المیعاد حکمت عملی نافذ کی جا رہی ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بارہ گرڈ سٹیشن کی صلاحیت کا اضافہ 2012 میں ہونا چاہیے تھا کیونکہ اسی سال یہ نشانہ بنایا گیا تھا کہ 160 ایم وی اے کی اضافی گنجائش لگا کر اس گرڈ سٹیشن کی گنجائش 480 ایم وی اے کر دی جائے گی ۔ اب کووڈ وبائی بیماری کے باوجود یہ اہم پاور پروجیکٹ ریکارڈ119 دن میں مکمل ہوا ، جو 9 سال سے لٹکا ہوا تھا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ساولہ کوٹ پروجیکٹ ایک اور مثال ہے جسے 1984 میں تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا ۔ لیکن وہ بھی ایک خواب کی طرح ہی رہا ۔ یہ پروجیکٹ 36 سال سے لٹکا ہوا تھا ، جسے اس سال گرین سگنل دیا گیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ میں وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا دل سے مشکور ہوں جن کی ترجیح جموں و کشمیر کے شہریوں کی زندگی کو بہتر بنانا ہے ۔ عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کیلئے ک جانے والی کوششوں کا خاکہ پیش کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم نے گذشتہ 11 ماہ کے دوران عوام کی توقعات کو پورے جوش و جذبے کے ساتھ پورا کرنے کیلئے بنیادی اصلاحات کی ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسمیشن اور ڈسٹریبیوشن سسٹم کے ساتھ ساتھ ہم محصول میں بہتری لانے کی کوششیں کر رہے ہیں ۔