جموں// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کو حد بندی کمیشن کی سفارشات پر تحفظات ہیں وہ انہیں تحریری شکل میں کمیشن کے سامنے پیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ حد بندی کمیشن کو پارلیمنٹ میں ایک قانون کے تحت تشکیل دیا گیا ہے اور یہ کمیشن الیکشن کمیشن آف انڈیا کے تحت کام کر رہا ہے۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار یہاں بجالٹہ میں ایک تقریب کے حاشئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’الیکشن کمیشن ایک خود مختار ادارہ ہے اور حد بندی کمیشن اسی کے تحت کام کر رہا ہے اگر کسی کو اس کمیشن کی سفارشات پر تحفظات ہیں تو انہیں چاہئے کہ وہ ان کو تحریری شکل میں کمیشن کے سامنے پیش کریں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی عام شہری کو بھی تحفظات ہیں تو وہ بھی ایسا کر سکتے ہیں۔
موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے ملک میں بالخصوص جموں وکشمیر میں گذشتہ 70 برسوں کے دوران قابل سراہنا رول ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طریقے سے ہمارے سیکورٹی فورسز تمام تر چلینجز سے نمٹ رہے ہیں اس کے لئے وہ تعریفوں کے حقدار ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر حد بندی کمیشن نے حال ہی میں اپنی دوسری رپورٹ جاری کی ہے جس کو یہاں کی سیاسی جماعتوں نے مسترد کیا ہے۔