کولگام//ضلع اِنتظامیہ کے اشتراک سے محکمہ سماجی بہبود کولگام نے نشا مکت بھارت مہم کے تحت صحت مند طرز زندگی ، میڈیا مہم اور عادی افراد میں خود کشی کے خطرے سے آگاہی کے بارے میںبیداری پروگرام کا اِنعقاد کیا ۔ پروگرام کا اِفتتاح سیکریٹری ڈیزاسٹر منیجمنٹ ، امداد ،باز آباد کاری اور تنظیم نو سمرن دِیپ سنگھ نے کیا اور ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر کولگام شوکت اعجاز بٹ بھی تھے۔پروگرام میں عدلیہ ، سماجی بہبود ، صحت ، تعلیم ، پولیس ، رضاکاروں اور طلبأ نے حصہ لیا اور منشیات کی لت اور اس کے اثرات ، منشیات کی سمگلنگ اور منشیات کی وبا کو ختم کرنے کے لئے علاج کے مختلف عوامل پر تبادلہ خیال کیا۔پروگرام میں ضلعی اِنتظامیہ اور ڈی ڈی ایم آر اینڈ آر کے اعلیٰ، سول اور پولیس اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر سیکرٹری ڈی ڈی ایم آر اینڈ آر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے ہر فرد کی اِجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ منشیات کی بدعت کوختم کرنے کے لئے اپنا رول ادا کریں ۔ڈپٹی کمشنر نے تقریب کے اِنعقاد پر منتظمین کی تعریف کی اور کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کو تمام علاقوں منعقد کرنے کی ضرورت ہے۔اُنہوں نے نشا مکت بھارت مہم کے مقاصد پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ ہم سب کو ضلع میں منشیات کی بدعت کو ختم کرنے کے لئے اجتماعی طور کام کرنا چاہیئے۔بعدمیں سیکرٹری نے ڈی سی کے ہمراہ ڈرگ دی ایڈکشن کمپلیکس کا اِفتتاح کیا۔مصنوعی امداد اور بڑھاپے کے پنشن آرڈر بھی مختلف مستفید افراد میں تقسیم کئے گئے۔دریں اثنا ٔ سیکرٹری ڈی ڈی ایم آر آر اینڈ آر نے ویسو مائیگرنٹ کالونی کولگام کا دورہ کیا اورزیر تعمیر ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا معائننہ کیا۔ اُنہوں نے ان کیمپوں میں رہنے والے لوگوں کے لئے دستیاب سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر شوکت اعجاز ، ڈائریکٹرفائنانس ڈی ڈی ایم آر آر اینڈ آر ظہور احمد اور دیگر متعلقہ افسران ان کے ہمراہ تھے۔سیکریٹر ی نے مائیگرنٹ کالونی کے رہائش پذیر لوگوں کی طرف سے پیش کردہ مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کی یقین دِہانی کرائی۔