سرینگر // جنگلی جانوروں کے بستیوں کی طرف آنے کے باعث عام لوگوں کو ہورہے جانی نقصان سے بچنے کیلئے محکمہ وائلڈ لائف پروٹیکشن نے منگل کو ایک اٰدوائزری جاری کردی۔ایڈوائزری میں 12نکات کی طرف لوگوں کی توجہ مبذول کرائی گئی ہے اور وادی کے مختلف علاقوں اور اضلاع میں22 کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں جبکہ بڈگام ضلع، جہاں جنگلی جانوروں کے زیادہ حملے ہورہے ہیں ، اور جہاں حالیہ ایام میں دو کم عمر بچوں کی جانیں بھی گئی ہیں، میں محکمہ اور پولیس کی جانب سے 10کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ جنگلاتی علاقوں میں صبح سویرے لکڑی جمع کرنے سے گریز کیا جائے، جنگلاتی راستے کا ہی انتخاب کیا جائے، گھنے جھاڑیوں میں چلنے سے گریز کیا جائے۔ جنگلوں کے نزدیک بستیوں کے لوگ شام کے بعد گھروں سے باہر نہ نکلیں۔تیندوے کو دیکھنے کے بعد شور نہ مچایا جائے کیونکہ وہ تبھی حملہ آور ہوتا ہے۔