لدرو(پہلگام)//پہلگام کے لدروگائوں کے55برس کے بشیر احمد خان نے سخت سردی کے باوجود گورنمنٹ ہائی اسکول میں قائم پولنگ مرکز کاصبح سویرے رُخ کیا۔ خان اور گوجراورپہاڑی طبقے سے وابستہ اس کے دیگر ساتھی یہاں نسلوں سے مٹی کے کچے ڈھوکوںمیں رہتے آئے ہیں۔اس طبقے کو جنگلاتی اراضی، جس پر وہ رہتے ہیں اورجہاں وہ اپنے مویشیوں کو چراتے ہیں،سے بیدخل کرنے کاخدشہ ہے ۔خان نے کہا،’’ہماراطبقہ ہر انتخاب میں ووٹ ڈالتا آیاہے چاہے وہ پارلیمانی انتخاب ہویااسمبلی چنائویاپنچایتی انتخاب۔ہم اپنی آوازجمہوری طریقے سے آگے پہنچانے میں یقین رکھتے ہیں ‘‘۔انہوں نے کہا ،’’وہ ایک بار پھر ضلع ترقیاتی کونسل چنائومیں ووٹ ڈالنے آئے ہیں تاکہ اپنے حقوق کاتحفظ کرسکیں ‘‘۔انہوں نے کہا ،’’ہمیں اُمید ہے کہ ہم جس امیدوارکومنتخب کریں گے وہ ہماری خواہشات کی نمائندگی کرے گااورہمیں دھوکہ نہیں دے گا‘‘۔خان کی طرح 65سالہ نذیراحمدبھی پولنگ مرکز کے باہران ہی وجوہات کی بناپر لائن میں اپنی باری کاانتظار کررہاتھا۔نذیراحمدنے کہا،’’ہم جنگلات ،حیوانوں ،پہاڑوں اور آبی وسائل کے محافظ ہیں اور چاہیں گے کہ ہم ایسے ہی رہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ ہم جن چھوٹے ڈھوکوں میں رہتے ہیں وہ ہماری ساری دولت ہے ۔ہم بڑی عمارات کھڑاکرنے میں یقین نہیں رکھتے اور ہم ماحولیات کیلئے کوئی خطرہ نہیں ہیں‘‘۔
نیشنل کانفرنس اور پیپلزڈیموکریٹک پارٹی حکام کو اس طبقہ کو نشانہ بناکر بے گھر بنانے کا الزام لگاتی ہے ۔تاہم حکام نے ان کے ان الزامات کو ردکرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف ناجائز ڈھانچوں اورتاربندی کو ہی ہٹا رہے ہیں ۔ خواتین بھی جوق درجوق پولنگ مراکز کارُخ کرہی تھیں اوروہ بھی پرجوش تھیں ۔شاہ بانو نامی ایک بزرگ خاتون نے کہا کہ وہ ووٹ ڈالتے آئے ہیں تاکہ ان کے بنیادی مسائل کو حل کیاجائے ۔انہوں نے کہا کہ جب سے انہیں ووٹنگ کاحق ملا ہے وہ ووٹ ڈالتی آئی ہیں ۔بانو نے کہا،’’ہمارے لئے ہرانتخاب اہم ہے تاکہ ہ فورم میں صحیح لوگ ہماری نمائندگی کرسکے۔لدرو کے پولنگ بوتھ 50میں صبح ساڑھے دس بجے تک 300میں سے93ووٹ ڈالے جاچکے تھے۔لدرو48کے ایک اور بوتھ میں 387ووٹوں میں سے صبح ساڑھے دس بجے تک 129ووٹ دالے جاچکے تھے۔اسی طرح بوتھ49پر542ووٹوں میں سے133ووٹ ڈالے جاچکے تھے ۔ایک اور بوتھ میں صبح دس بجے تک 501ووٹوں میں سے 74ووٹ ڈالے گئے تھے۔ اسی طرح کارجحان گنیش پورہ،بٹہ کوٹ،لنگن بل،گجری بٹہ کوٹ،فرصل،مامائی،آرو،ینار،سریچن،ماورہ،کھلن،اوردیگردیہات میں بھی دیکھاگیا۔یہاں پیپلزالائنس کے امیدوارلدروکے یوسف گورسی(این سی) ،اپنی پارٹی کے گل محمد کولی اوربھارتیہ جنتاپارٹی کے حاجی محمد اسماعیل گجر کے درمیان مقابلہ ہے ۔آزادامیدواروں میں چودھری حمید۔چودھری الطاف،اورگریند کی خالدہ پروین شامل ہیں ۔