جنگجووں کی اداکاری کا ویڈیو وائرل

 بارہمولہ //خانپورہ بارہمولہ میں ایک مقامی نجی اسکول کے کئی اُساتذہ کو اُسوقت پولیس تھانے کی ہواکھاناپڑی جب مذکورہ اسکول میں زیرتعلیم طلبہ کی ایک ویڈیو منظر عام پر آگئی جس میں انہیں کوسیروتفریح  کے دوران جنگجوئوں کی اداکاری کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔یہ ویڈیوسوشل میڈیاپروائرل ہوتے ہی بارہمولہ پولیس متحرک ہوگئی ،اورمذکورہ اسکول میں تعینات اسا تذہ کوپولیس تھانہ بارہمولہ طلب کیاگیا۔پولیس ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ نجی اسکول کے طلاب نے ٹیچروں کی مددسے جوویڈیوتیارکیاہے ،اُسے جنگجویت کی تشہیرہوتی ہے جبکہ ایسی قابل اعتراض ویڈیوزسے چھوٹے بچوں اورنوجوانوں میں ملی ٹنسی کے تئیں رُجحان فروغ پائے گا۔ذرائع نے بتایاکہ پولیس تھانے میں مذکور ہ اسکول کے ٹیچروں سے پوچھ تاچھ کی گئی ،اورانہوں نے اپنی غلطی کااعتراف کیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ پولیس افسروں نے ٹیچروں سے کہاکہ آپ کانئی پودکی تعلیم وتربیت میں کلیدی رول رہتاہے اوراگرآپ ہی کمسن بچوں کوغلط حرکات وسرگرمیوں کی ترغیب دیں گے توایسے بچوں کامستقبل کیاہوگا۔ جس کے بعد ان اُساتذہ نے اپنی اس حرکت پرپشیمانی اورندامت ظاہرکرتے ہوئے آئندہ طلاب کی صحیح تربیت ورہنمائی کاوعدہ کیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ اپنی غلطی کااقرارکرنے کے بعدپولیس نے سبھی ٹیچروں کوچھوڑدیا