سرینگر//جنوبی کشمیر کے اننت ناگ میں پیر کو مشتبہ جنگجوﺅں نے بھارتیہ جنتا پارٹی سے وابستہ ایک سرپنچ اور اس کی بیوی کو اُن کے کرایہ کے مکان میں گولیاں مار کر ہلاک کیا۔
یہ واقعہ قصبہ کے مہمان محلہ نزدیک لال چوک پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق جنگجوﺅںنے غلام رسول ڈار ولد مرحوم غلام حسن ڈار کے کرایہ کے گھر میں گھس کر اندھا دھند گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں غلام حسن ڈار اور اس کی بیوی ،جواہرہ خون میں لت پت گر پڑے۔ اُنہیں ضلع اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دیا۔
معلوم ہوا ہے کہ حسن ڈار اصل میں ضلع کولگام کے ریڈونی بالا کا رہنے والا تھا اور وہ اننت ناگ کے مہمان محلہ میں مقیم تھا۔
بھارتیہ جنتا پارٹی نے ایک بیان میں ڈار کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’کسان مورچہ بی جے پی‘ کا ضلع صدر برائے کولگام اور سرپنچ تھا۔