ترال/جنوبی ضلع پلوامہ کے ترال علاقے میں پولیس نے جمعرات کو البدر جنگجوﺅں تنظیم کے 4اعانت کاروں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اے کے 47رائفل اور دیگر اسلحہ و گولہ بارودبرآمدکرنے کا دعویٰ کیا ۔
پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے کشمیرعظمی کو بتایا کہ پولیس ،فوج ،اور سی آر پی ایف نے ڈاڈسرہ،لارموہاونتی پورہ علاقوں میں البدر جنگجوﺅں کی موجود گی کی مصدقہ اطلاع کے بعدتلاشی کارروائیاں شروع کیں جس کے دوران وہاں4افراد کو مشکوک حالت میں دیکھا گیا اور چاروں سے پوچھ تاچھ کی گئی۔پوچھ تاچھ کے دوران انہوں نے تسلیم کیا کہ انہوں نے ہتھیار چھپا رکھے ہیں۔پولیس کے مطابق بعد ازاںمخصوص مقام پر چھاپہ مارنے کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ۔
پولیس نے مزید بتایا کہ بر آمد شدہ ہتھیاروں میں ایک اے کے47رائفل ،ایک میگزین ،56گولیاں اور ایک ہیتھ گولہ شامل ہے ۔
پولیس افسر نے بتایا کہ چاروں گرفتار شدہ افراد البد سے وابستہ جنگجوﺅں کے اعانت کار ہیں ۔
انہوں نے گرفتار افراد کی شناخت یاور عزیز ،سجاد احمد پرے ساکنان لارموہ ترال ،عابد مجید اورشوکت احمد ڈارساکنان ڈاڈسرہ کے طور کی ۔ پولیس نے اس حوالے سے پولیس اسٹیشن اونتی پورہ میں ایک کیس زیر نمبر195درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔
یاد رہے کہ ا س سے قبل گزشتہ روز علاقے میں جیش محمد سے وابستہ جنگجوﺅں کا نیٹ ورک فاش کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے 6افراد کی گرفتار ی عمل میں لائی گئی ۔