سرینگر// پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ جنوبی ضلع اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں فورسز آپریشن کے دوران ایک جنگجو جاں بحق ہوگیا ہے۔یہ فورسز آپریشن گذشتہ شام کنڈی پورہ گاوں میں شروع ہوا تھا جس کے دوران جنگجوﺅں اور فورسز کے مابین معرکہ آرائی کا آغاز ہوگیا۔
گذشتہ رات دیر گئے جب کنڈی پورہ میںطرفین میں گولیوں کا تبادلہ جاری تھا تو اندھیرا چھا جانے کے سبب فورسز نے آپریشن معطل کیا تاہم آج صبح سویرے سے طرفین میں پھر گولیوںکا تبادلہ شروع ہوا جس کے دوران پولیس کے مطابق ایک جنگجو جاں بحق ہوگیا۔
پولیس نے اگر چہ جاں بحق جنگجو کی شناخت نہیں کی ہے البتہ اس بات کی وضاحت کی کہ ابھی فورسزآپریشن جاری ہے۔
اس سے قبل گذشتہ شام پولیس اور فوج نے مشترکہ طور کنڈی پورہ کو محاصرے میں لیکر گھر گھر تلاشی آپریشن شروع کیا جس کے دوران جنگجوﺅں اور فورسز کا آمنا سامنا ہوا اور طرفین نے ایک دوسرے پر گولیاں چلائیں۔