جنجاتیہ گورو دیوس کے موقع پر ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ میں تقریبات منعقد

ڈوڈہ //جنجاتیہ گورو دیوس کے موقع پر ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ میں الگ الگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس دوران مشہور قبائلی آزادی پسند برسا منڈا کو ان کی یوم پیدائش پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انگریزوں کے خلاف ان کی قربانیوں کو یاد کیا۔اس موقع پر حب الوطنی کے گیت، گوجری لوک گیت، گوجری مشاعرہ و تقریریں بھی کیں گئیں۔ ضلع کی سب سے بڑی تقریب لل دید آڈیٹوریم بھدرواہ یونیورسٹی کیمپس میں منعقد ہوئی جس میں ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمین دھنتر سنگھ کوشل نے برسا منڈا کو خراج عقیدت پیش کیاوہیں ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ وکاس شرما نے گوجر بکروال بوائز ہوسٹل میں منعقد پروگرام میں شرکت کی۔ ڈی سی نے برسا منڈا کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں قبائلی لوگوں کے ساتھ انگریز حکومت کے خلاف بغاوت کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گوجر بکروال و دیگر قبائلی لوگوں کی تعمیر و ترقی کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں جن میں جنگلات ایکٹ بھی ایک مثبت قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام 22 نومبر تک جاری رہے گا وہیں بی ڈی سی چیئرمین بھلیسہ چوہدری محمد حنیف کی صدارت میں گندوہ و فاطمہ چوہدری بی ڈی سی چیئرمین کاہرہ کی صدارت میں ٹھاٹھری سب ڈویژن میں ایس ڈی ایم اطہر آمین زرگر کی موجودگی میں پروگرام منعقد کیا۔ اس دوران سرکاری محکموں کی طرف سے مختلف فلاحی سکیموں کے بارے میں بھی لوگوں کو جانکاری دی۔