جموں//نیشنل کانفرنس سٹوڈنٹس یونین کی ایک میٹنگ موہت آرین (صدرایم اے ایم کالج ) اورساحل سنگھ جموال صدرجموں یونیورسٹی کی رہنمائی میں ایم اے ایم پی جی کالج جموں میں منعقدہوئی۔ میٹنگ کے دوران ایم اے ایم پی جی کے طلباء اورساحل سنگھ جموال بی جے پی پربرس پڑے ۔اُن کاکہناتھا کہ بی جے پی وادی کے لوگوں کے مفادات کے لئے توکام کرتی ہے مگرجموں کے لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک روارکھ رہی ہے ۔حتیٰ کہ جموں کے عوام کی بنیادی ضروریات کی طرف بھی دھیان نہیں دیاجارہاہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ افسوس مقام ہے کہ جموں کے عوام نے ہی بی جے پی کوانتخابات میں کامیاب کیاتھا مگراب یہ پارٹی جموں کے عوام کی ہی جڑیں کاٹ رہی ہے۔میڈیاافرادکے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے جموال نے کہاکہ جموں کے ساتھ امتیازکی ایک تازہ مثال یہ ہے کہ جے اینڈکے سٹیٹ سپورٹس کونسل نے ریاست میں کھیل کود کی سرگرمیوں کوبڑھاوادینے کے لئے رواں مالی سال کے لئے دوکروڑ روپے مختص کئے۔اس میں سے جموں کوصرف چندلاکھ روپے دیئے گئے۔