سرینگر //جموں و کشمیر میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 49ہزار 801ٹیسٹ کئے گئے جن میں 11مسافروں سمیت مزید 124افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 3لاکھ 29ہزار 687تک پہنچ گئی۔ اس دوران سنیچر کو ایک اور شخص کورونا وائرس سے فوت ہوگیا ہے۔ جموں و کشمیر میں متوفین کی مجموعی تعداد 4424ہوگئی ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 124افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جن میں جموں میں 32جبکہ کشمیر میں 92افراد متاثر ہوئے ہیں۔ کشمیر میں متاثر ہونے والے92افراد میں سے ایک بیرون ریاستوں سے سفر کرکے لوٹا ہے جبکہ دیگر 91افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں ۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 92افراد میں سب سے زیادہ سرینگر میں 58، بارہمولہ میں 9 ،بڈگام میں9، پلوامہ میں3، کپوارہ میں 3، اننت ناگ میں6، بانڈی پورہ میں4،گاندربل میں 6 جبکہ شوپیان اور کولگام میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 2لاکھ 5ہزار 819ہوگئی ہے۔ کشمیر میں مسلسل تیسرے دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے اور متوفین کی مجموعی تعداد 2250بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے کے ادھمپور،سانبہ کٹھوعہ اورکشتواڑ میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر6اضلاع میں 32افراد کی رپورٹیں مثبت قرار دی گئی ہیں۔ جموں صوبے میں مثبت قرار دئے گئے 32افراد میں جموں میں 10جبکہ کشمیر میں 22افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموںصوبے کے32متاثرین میں جموں میں 9، راجوری میں 2، ڈوڈہ میں10، پونچھ میں 4،رام بن میں 1 اور ریاسی میں 6افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 23ہزار868تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران جی ایم سی راجوری میں مزید ایک شخص کورونا وائرس سے فوت ہوا ہے اور متوفین کی مجموعی تعداد 2174ہوگئی ہے۔
جموں کشمیر میں124متاثر، ایک فوت
