سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری خزانہ کی سربراہی جموں کشمیر انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے قیام اور اس میں سڈکو و سیکاپ کو ضم کرنے کیلئے نقشہ راہ کی تجاویز پیش کرنے کیلئے 4رکنی کمیٹی کے قیام کو منظوری دی ہے۔ سرکار نے بدھ کو اس حوالے سے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر ڈیولپمنٹ ایکٹ مجریہ1970 کے مطابق جموں کشمیر انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے قیام کیلئے نقشہ راہ کی تجاویز دینے کے علاوہ سٹیٹ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (سڈکو) اور سٹیٹ انڈسٹریز کارپوریشن (سیکاپ) کو اس میں ضم کرنے کیلئے محکمہ صنعت و تجارت کی کمیٹی کی تجویز پر ایک کمیٹی کے قیام کو منظوری دی گئی ہے۔ کمیٹی کی کمان فائنانشل کمشنر (ایڈیشنل چیف سیکریٹری) خزانہ کے سپرد کی گئی ہے،جبکہ4رکنی کمیٹی میں محکمہ شہری ترقی و مکانات کے پرنسپل سیکریٹری، محکمہ صنعت و حرفت کے پرنسپل سیکریٹری اور محکمہ قانون،انصاف و پارلیمانی امورات کے سیکریٹری ممبر ہونگے۔ آرڈر میں کہا گیا ہے کہ یہ کمیٹی محکمہ صنعت و حرفت کے ماتحت کام کرے گی۔