جموں کشمیر ابھرتے ہوئے خطے میں تبدیل کولڈ چین صنعت کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کیلئے ہم پلیٹ فارم: بٹھناگر

بلال فرقانی

سرینگر//سرکار نے کہا کہ جموںوکشمیر کے صنعت کاروں او رفروٹ گروورس کو کولڈ چین صنعت کی بے پناہ صلاحیتوںکو تلاش کرنے اور اِس شعبے کے اَندر قابل قدر روابط کو فروغ دینے کے مواقع حاصل ہوں گے۔ کشمیر اِنٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں اِنڈیا کولڈ چکین کنکلیو ،ہمالین چپٹر سے بدھ کو خطاب کرتے ہوئے گورنر کے مشیر آر آر بھٹناگر نے کہا کہ یہ کنکلیو جموںوکشمیر کے مقامی کاروباریوں کے لئے کولڈ چین اِنڈسٹری میںسرما یہ کاری کرنے اور فروغ دینے کے لئے ایک فعال پلیٹ فارم بنائے گا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ پلیٹ فارم جموںوکشمیر کے کاروباریوں کے لئے جدید ترین کولڈ چین ٹیکنالوجیوں اور بنیادی ڈھانچے کے ساتھ منسلک ہونے اور ان تک رسائی حاصل کرنے کا یک منفرد موقعہ ہے۔ بھٹناگر نے کہا کہ جموں و کشمیر اَمن اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور سرمایہ کاری اورنئے کاروباری اِداروں کے قیام کے لئے اُبھرتے ہوئے خطے کے طورپر اُبھر رہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ’کاروبار کرنے میں آسانی‘ میں نمایاں بہتری آئی ہے کیوں کہ اِختراعی ڈیجیٹل ذرائع سے جوابدہی اور شفافیت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میںزائد اَز 15 مصنوعات کو جی آئی ٹیگ کیا گیا ہے جس سے مصنوعات میں بہت زیادہ ویلیو ایڈیشن ہوگا ۔مشیر موصوف نے یہ بھی کہا کہ جامع زرعی ترقی پروگرام اگلے پانچ برسوںمیں زراعت اور اس سے منسلک شعبوں کے ماحولیاتی نظام کو تبدیل کر ے گا۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم ہے کیوں کہ جموںوکشمیر کے صنعت کاروں او رفروٹ گروئورس کو کولڈ چین اِنڈسٹری کی بے پناہ صلاحیتوںکو تلاش کرنے اور اِس شعبے کے اَندر قابل قدر روابط کو فروغ دینے کے مواقع حاصل ہوں گے۔