کپوارہ//جمو ں و کشمیر کی مجموعی ترقی اور فلا ح و بہبود مرکزی سرکار کی اعلیٰ ترجیحات میں شامل ہے ۔ان باتو ں کااظہار مرکزی وزیر مملکت برائے دیہی ترقی و سٹیل فاگن سنگھ نے کپوارہ ضلع کے دور وزہ دورے کے اختتام پر عوامی نمائندو ں سے ملاقات کے دوران کیا ۔مرکزی وزیر کپوارہ میں رات گزرنے کے بعد ہفتہ کے روز ہندوارہ پہنچ گئے جہا ں انہو ں نے ماگام اچھر کی4کلو میٹر سڑک کا افتتاح کیا جس پر 3کرو ڑ96لاکھ روپیہ کا خرچہ آئے گا اور یہ سڑک پروجیکٹ پی ایم جی ایس وائے محکمہ کو سونپا گیا ہے ۔ مرکزی وزیر ضلع اسپتال ہندوارہ بھی گئے جہا ں انہو ں نے 5سو والے بسترو ں والے گورنمنٹ میڈیکل کالج کی زیر تعمیر عمارت کا جائز ہ لیا اور متعلقہ ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ زیر تعمیر عمارت کا کام وقت مقررہ پر مکمل کریں ۔وزیر نے بعد میں ہندوارہ میں ہی عوامی نمائندو ں جن میں ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی ممبران شامل ہیں ،کے ساتھ ایک تفصیلی مٹینگ کی، جس میں انہو ں نے کہا کہ مرکزی سرکار کپوارہ کی تعمیر و ترقی کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کر ے گی جبکہ قدرتی حسن سے مالا مال معروف سیاحتی مقام وادی بنگس کی ترقی کے لئے ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں ۔وزیر نے مزید کہا کہ بارہ مولہ کپوارہ فورلین ہائی وئے اور بارہ مولہ کپوارہ ریلوے لائن پر کام کرنے کے لئے مرکزی سرکار سے بات چیت کی جائے گی ۔ہندوارہ علاقہ سے تعلق رکھنے والے کئی عوامی وفود نے بھی مرکزی وزیر سے ملاقات کی اور اپنے علاقوں کے مسائل سے وزیر کو جانکاری دی جس کے بعد وزیر نے عوامی وفود کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مسائل حل کرنے کے لئے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکمو ں کو ہدایت دی جائے گی ۔پینے کے پانی کے حوالہ سے وزیر نے کہا کہ 2022میں ضلع میں ہر گھر کو پانی فراہم کیا جائے گا ۔انہو ں نے کہا کہ جمو ں و کشمیر کی مجموعی ترقی اور فلا ح و بہبود مرکزی سرکار کی اعلیٰ ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے مرکزی وزیر وقت وقت پر جمو ں و کشمیر کے دورے پر آ رہے ہیں ۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ امام الدین ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نذیر احمد ،ایس پی ہندوارہ اور انتظامیہ کے دیگر آفیسران بھی موجود تھے ۔