سرینگر// نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال کواُمید ہے کہ ریاست کاخصوصی درجہ بحال ہوگا۔جمہوریت کے عالمی دن کے موقعہ پرایک بیان میںانہوںنے کہا کہ جمہوری سرکار ہی عوام کو جمہوریت کی بالادستی فراہم کرسکتی ہے۔ڈاکٹر کمال نے کہا کہ جس ملک میں جمہوری نظام اور آئینی بالادستی ہو،وہ ملک وہاں کے عوام کا خیرخواہ ہوتا ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ جموں کشمیر کے عوام کو 5اگست2019کے بعد اپنے جمہوری اور آئینی حق سے محروم کیا گیا۔ ڈاکٹر کمال نے کہا ’’ آئین ہند کے تحت جموں کشمیر کے عوام کو جمہوری حقوق حاصل ہوئے تھے،جو کہ موجودہ حکمرانوں نے سخت گیر پالیسی اور طاقت کا استعمال کرکے عوام سے چھین لئے‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ ریاستی عوام پر عزم ہے کہ آئین کی بالادستی مقدم ہے اور نیشنل کانفرنس جموں کشمیر کی خصوصی پوزیشن حاصل کرنے میں اس وقت قانونی جنگ میں مصروف عمل ہے اور امید کرتی ہیں کہ عوام کو انصاف ملے گا۔نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری کا کہنا تھا وہ امید کرتے ہیں کہ جموں کشمیر کے خصوصی درجے کی بحالی ہوگی۔
جموں کشمیرکی خصوصی پوزیشن بحال ہوگی :مصطفی کمال
