جموں //جموں ڈویژن کے کسانوں کے ایک گروپ نے سول سیکرٹریٹ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان سے حالیہ بارشوں اور ژالہ باری سے فصلوں کے نقصانات کے معاملے پر ملاقات کی ۔ جو لوگ اس موقع پر موجود تھے ان میں ڈائریکٹر اے پی اینڈ ایف ڈبلیو جموں کے کے شرما ، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر جموں رام سیوک ، اسپیشل سیکرٹری اے پی اینڈ ایف ڈبلیو ڈی ٹی کے بھٹ ، ایڈیشنل سیکرٹری بابو رام بھگت کے علاوہ دیگر افسران تھے ۔ مشیر نے دھان کی فصل کو پہنچنے والے نقصان کی ابتدائی معلومات لیں ۔ دھان کی فصل کو بڑا نقصان پہنچا ہے کیونکہ یہ کٹائی کے مرحلے میں ہے اور جموں ، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع کے بڑے علاقوں میں اگائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کسانوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی جنہوں نے حالیہ بارشوں ، ژالہ باری اور کھیتوں میں بارش کے پانی کے جمنے ، فصلوں کو اکٹھا کرنے اور ربیع کی فصلوں کو زیادہ نمی کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کے بارے میں تفصیل سے بتایا ۔ کسانوں نے انہیں آگاہ کیا کہ دھان ، سبزیوں ، آلو ، چارہ ، تیل کے بیجوں وغیرہ جیسی زرعی فصلوں کو بے پناہ نقصان ہوا ہے اور ان کاشتکاروں کو مناسب معاوضہ فراہم کرنے کی اپیل کی جو مسلسل بارشوں سے نقصان کا شکار ہوئے ہیں ۔ اس موقع پر مشیر نے افسران سے کہا کہ وہ زرعی شعبے پر موسمی حالات کے حقیقت پسندانہ اثرات کا جائیزہ لیں اور فصلوں کے نقصانات کو پورا کرنے کیلئے آئندہ ربیع کے سیزن کیلئے حکمت عملی تیار کرتے ہوئے موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے کسانوں کو کچھ حد تک تکنیکی مدد فراہم کریں ۔ مشیر نے کسانوں کو یقین دلایا کہ انہوں نے محکمہ زراعت کے فیلڈ افسران کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ تمام دیہات کے کسانوں کے ساتھ میٹنگ کر کے ریونیو حکام کے ساتھ مشترکہ سروے کریں تا کہ فصل کے نقصانات کی تفصیلی ڈیجٹلائیزڈ رپورٹ فوری طور پر حاصل کی جا سکے ۔ مزید انہوں نے انشورنس کمپنیوں کو حکم دیا کہ وہ فوری طور پر پی ایم فصل بیمہ یوجنا کے تحت فصلوں کے دعووں کا تصفیہ کریں ۔ انہوں نے دھان کے بھوسے کو تلف کرنے کیلئے ڈکمپوزر کے استعمال کو مقبول بنانے کی سفارش کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کی سہولت کیلئے اگلی فصل کیلئے بیج اور کھاد پر سبسڈی کی فراہمی پر کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے محکمہ کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ جلد از جلد مکئی اگانے والے اضلاع میں مکئی کی خریداری منڈیوں کو کھولنے کا منصوبہ بنائیں ۔ کسانوں کے وفد کی قیادت سابق وائس چئیر مین جے کے کسان ایڈوائیزری بورڈ دلجیت سنگھ اور ممتاز کسانوں اور کاشتکاروں جیسے کلبھوشن کھجوریہ ، ست پال چارک ، بسنت ثانی ، رگھونندن کھجوریہ ، رنجیت سنگھ ، اشونی شرما ، دیو راج اور دیگر شامل تھے ۔