راجوری //راجوری ضلع میں جمو ں پونچھ شاہراہ پر دو گاڑیوں میں ہوئے آپسی تصادم کے دوران دو گور نمنٹ ٹیچر معمولی طور پر زخمی ہوگئے ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ ایک آٹو رکشا میں سفر کررہے کئی سرکاری ملازمین اس وقت بال بال بچ گئے جبکہ ایک انتہائی تیز رفتاری سے آرہی کار نے آٹو رکشا کیساتھ ٹکرا گئی ۔انہوں نے بتایا کہ بدھ کے روز راجوری ضلع کے مراد پور علاقہ میں ہوئے تصادم کے دوران سفر کررہے دو ٹیچر معمولی طور پر زخمی ہوگئے ۔پولیس نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک آٹو رکشا ڈھونگی سے راجوری قصبہ کی جانب جارہا تھا تاہم مخالف سمیت سے آرہی ایک ویگنار گاڑی آٹو رکشا سے ٹکرا گئی ۔انہوں نے بتایا کہ آٹو رکشا میں سفر کررہے سبھی ملازمین تھے جبکہ ان میں سے دو ٹیچروں کو معمولی چوٹیں آئی ۔پولیس نے اس سلسلہ میں معاملہ درج کرتے ہوئے گاڑیوں کو ضبط کرلیا ہے ۔