سرینگر // ضلع گاندربل جموں و کشمیر میں تیسرا اور وادی میں شوپیان کے بعد دوسرا ضلع بن گیا ہے جہاں 45سال سے زیادہ عمر کے 100فیصد لوگوں کو کورونا مخالف ویکسین دی گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ جموں و کشمیر میں جمعہ کو مزید 14972افراد کو ویکسین دی گئی اور اسطرح ویکسین لینے والے افراد کی مجموعی تعداد 32لاکھ 4ہزار455ہوگئی ہے ۔ شوپیان، گاندربل اور جموں اضلاع کے بٖغیر دیگر 17اضلاع میں ابھی ٹیکہ کاری کا عمل جاری ہے۔ جموں و کشمیر کے جن 17اضلاع میں ٹیکہ کاری کا عمل جاری ہے ، ان میں ابتک اننت ناگ میں 59.92فیصد،کولگام میں 65.82، پلوامہ میں 58.88،سرینگر میں 42.73، بڈگام میں 70.10، بارہمولہ میں 68.70،کپوارہ میں 33.27، بانڈی پورہ میں 76.40،ادھمپور میں 68.98،راجوری میں 62.88،کٹھوعہ میں 72.31،پونچھ میں 69.14،رام بن میں 77.36،ڈوڈہ میں62.38، کشتواڑ میں 74.83،ریاسی میں 64.32اور سانبہ میں 97.95فیصد شامل ہے۔ جن 3اضلاع میں 45سال سے زیادہ عمر کے 100فیصد لوگوں کو ویکسین دی گئی ، ان میں شوپیان اور گاندربل شامل ہیں۔ گاندربل ضلع میں 45سال سے زیادہ عمر کے 100فیصد لوگوں کی ٹیکہ کاری جمعہ کو مکمل ہوئی ۔ یہاں جمعہ کو 71لوگوں کو ویکسین لگایا گیا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل کرتیکا جوتیسینا نے بتایا کہ 45 سال سے زائد عمر کی آبادی کو کوروناوائرس وبائی بیماری سے بچائو کے تحت پہلے خوراک کی ٹیکہ کاری مہم کا ہدف حاصل کرنا ایک بڑی کامیابی ہے جس کے لئے انہوں نے محکمہ صحت میں تعینات ہیلتھ کیئر ورکرز ، پی آر آئی کے علاوہ اس مہم میں وابستہ دیگر متعلقہ اداروں کے لئے تعریفی کلمات پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں 45سال سے زیادہ عمر کے 68440 سے زیادہ افراد کو پہلی خوراک کے تحت ٹیکہ کاری مہم انجام دی گئی۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے مختلف علاقوں میں 94 مرکز قائم کئے گئے تھے۔