جموں //جموں کے گاندھی نگر کے گرین فیلڈ پلے گراؤنڈ میں کل شام ہاکی جے کے کی جانب سے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں بالترتیب سمیڈیگا اور جھانسی میں منعقد ہونے والی 11 ویں ہاکی انڈیا جونیئر اور سینئر ویمن ہاکی چیمپئن شپ کے لیے منتخب جے اینڈ کے ہاکی ٹیموں کو نوازا گیا۔ وزارت اقلیتی امور کی چیرپرسن وقف ترقیاتی کمیٹی ڈاکٹر درخشاں اندرابی اس موقع پر مہمان خصوصی تھیں۔ حال ہی میں نئی مینجمنٹ باڈی کے اقتدار سنبھالنے کے بعد ہاکی جے کے کا یہ پہلا ایونٹ تھا۔ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے ہاکی جے کے مرکز کے زیر انتظام علاقے کے تمام حصوں میں ہاکی سے متعلقہ سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے اس کے منصوبوں کی تعریف کی۔ ڈاکٹر اندرابی نے اعلان کیا کہ وہ 11 ویں ہاکی انڈیا جونیئر اور سینئر ویمن ہاکی چیمپئن شپ میں جے اینڈ کے کی نمائندگی کے لیے منتخب ٹیموں کے لیے اعلیٰ معیار کی ہاکی کٹس ، گریفائٹ ہاکی اسٹکس ، شن گارڈز ، مکمل یونیفارم اور متعدد بال سیٹ عطیہ کریں گی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ہاکی میں اپنی صلاحیتیں لگائیں اور اسے دوبارہ ملک کا فخر بنائیں۔ انہوں نے مقامی پرائیویٹ سیکٹر سے بھی اپیل کی کہ وہ سماجی ذمہ داری سکیم کے تحت کھیل کی حمایت کریں۔