عظمیٰ نیوز سروس
جموں//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی طرف سے جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے فلور پر اقتصادی سروے رپورٹ پیش کی گئی۔ اکنامک سروے رپورٹ 2025-26کے مطابق جموں و کشمیر کے مرکزی زیر انتظام علاقے کی حقیقی مجموعی ریاستی گھریلو پیداوار (جی ایس ڈی پی) کی شرح نمو 5.82فیصد رہنے کا تخمینہ ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر نے 2019-20سے 2024-25کے دوران حقیقی جی ایس ڈی پی میں 4.47فیصد کی جامع سالانہ شرح نمو حاصل کی، جو معاشی لچک کی نشاندہی کرتی ہے۔اس نے مزید کہا کہ اسی مدت کے دوران ترقی کی شرح دہلی اور ہماچل پردیش سے زیادہ ہے اور ہریانہ سے معمولی زیادہ ہے۔ رپورٹ میں جموں و کشمیر کی معیشت کے حجم کا تخمینہ برائے نام شرائط میں تقریبا ً2.86ًلاکھ کروڑ روپے اور حقیقی معنوں میں 1.50لاکھ کروڑ روپے ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں فی کس آمدنی کا تخمینہ 2025-26میں 1,68,243روپے ہے، جو کہ ہماچل پردیش، دہلی، پنجاب، چندی گڑھ اور ہریانہ سمیت متعدد شمالی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے مقابلے 2019-20سے 2024-25کے دوران زیادہ شرح نمو درج کرتا ہے۔جموں و کشمیر قومی جی ڈی پی میں تقریبا 0.8فیصد کا حصہ ڈالتا ہے۔یوٹی میں بے روزگاری کی شرح 20-2019-20میں 6.7فیصد سے کم ہو کر 2023-24میں 6.1فیصد ہو گئی، جب کہ مزدوروں کی شرکت کی شرح اور کارکنوں کی آبادی کا تناسب بالترتیب 64.3فیصد اور 60.4فیصد ہو گیا۔ نومبر 2025تک ای شرم پورٹل پر 36لاکھ سے زیادہ غیر منظم کارکنوں کو رجسٹر کیا گیا ہے۔باغبانی میں بھی توسیع دیکھنے میں آئی، جس میں بڑی فصلوں کا رقبہ بڑھ کر 3.47لاکھ ہیکٹر ہو گیا اور مجموعی پیداوار میں 12.5فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس نے مزید کہا کہ 2024-25میں بادام اور اخروٹ کی برآمدات 602.53 کروڑ روپے رہی۔اس نے مزید کہا کہ سیاحت ترقی کا ایک بڑا محرک بنی ہوئی ہے، 2025میں 1.78کروڑ سیاحوں نے جموں و کشمیر کا دورہ کیا، جن میں 36,000غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق نوزائیدہ بچوں کی اموات کی شرح کم ہو کر 9.8اور شیرخوار بچوں کی شرح اموات 14ہو گئی جبکہ متوقع عمر 74.3سال ہو گئی۔ ادارہ جاتی پیدائش 99.7فیصد تک پہنچ گئی، اور مکمل حفاظتی ٹیکوں کی کوریج 100فیصد تک پہنچ گئی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 87.64لاکھ سے زیادہ آیوشمان بھارت گولڈن کارڈ جاری کیے گئے ہیں، اور سکیم کے تحت تقریباً 19لاکھ علاج فراہم کیے گئے ہیں، جس سے تقریبا ً3,435کروڑ روپے کی بچت ہوئی ہے۔تعلیم کے بارے ،میں رپورٹ میں کہاگیا کہ 2024-25میں کل اندراج 26.17لاکھ طلبا سے تجاوز کر گیا، سکول چھوڑنے کی شرح میں زبردست کمی اور سکول کی سطح پر منتقلی کی شرح میں بہتری آئی ہے۔