عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں و کشمیر حکومت کا پنشن بل 2020-30 کے درمیان 10 سال کی مدت میں دوگنا ہو جائے گا، جس میں تقریباً 2.48 لاکھ ریٹائرڈ ملازمین کو پینشن ادا کیا جائے گا۔جموں و کشمیر انتظامیہ نے یہ بھی کہا کہ پرانی پنشن سکیم (او پی ایس)کو بحال کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ یہ طویل مدت میں مالی طور پر غیر پائیدار ہو گی اور مالی استحکام کے لیے اہم خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
حکومت کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، 2020-21 میں ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کے طور پر 5,829 کروڑ روپے ادا کیے گئے تھے اور یہ تعداد 2030-31 میں 11,798 کروڑ روپے تک جانے کا امکان ہے۔ یہ بات حال ہی میں جموں و کشمیر اسمبلی میں کٹ موشن کے حکومتی جواب میں کہی گئی ہے۔پچھلے پانچ سالوں میں سال وار پنشن کے اخراجات میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ 2021-22میں 6,668 کروڑ روپے، 2022-23 میں 7,463 کروڑ روپے، 2023-24 میں 8,364 کروڑ روپے، 2024-25 میں 9,350 کروڑ روپے اور 2025-26 میں 9,522 کروڑ روپے ہے۔ریٹائر ہونے والے ملازمین کی تعداد کی بنیاد پر، آنے والے سالوں میں پنشن کی ادائیگی میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ 2030-31 میں یہ 11,798 کروڑ روپے ہونے کا تخمینہ ہے۔حکام نے کہا کہ پنشن کے وعدوں میں توسیع 2040 کی دہائی کے اوائل تک جاری رہ سکتی ہے، جس کے بعد او پی ایس کے تحت آنے والے ملازمین کافی حد تک ریٹائر ہونے کی وجہ سے بوجھ مستحکم ہونے کی امید ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 2010 میں نئی پنشن سکیم (NPS) کا تعارف مثبت فنڈ مینجمنٹ کے ساتھ ایک پائیدار پنشن فریم ورک فراہم کرتا ہے، OPS کے برعکس جس کے پاس کوئی وقف پنشن فنڈ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر، اخراجات پر مبنی خطہ ہونے کے ناطے، معمولی آمدنی کی وصولی اور سرمایہ کاری کے لیے محدود مواقع کے ساتھ، ماضی میں پنشن واجبات میں غیر متناسب اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی پنشن کے اخراجات 2004-05 میں 731 کروڑ روپے سے تقریبا ًدوگنا ہو کر 2009-10 میں 1,495 کروڑ روپے ہو گئے تھے۔2009 میں کابینہ کے ایک فیصلے کے بعدسول سروس ریگولیشنز میں ترامیم کے ذریعے یکم جنوری 2010 کو یا اس کے بعد تعینات تمام سرکاری ملازمین کے لیے ڈیفائنڈ بینیفٹ پنشن سکیم سے ڈیفائنڈ کنٹریبیوشن پنشن سکیم NPS میں تبدیل کر دیا۔