سرینگر//جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن کے دو ممبران جنوری 2022میں اپنی مدت پوری کریں گے جس کے بعد چیئرمین سمیت7ممبران ہی اس ادارے میں باقی رہیں گے۔دستیاب تفصیلات کے مطابق سید اقبال آغا ،سابق ترقیاتی کمشنر ورکس15جنوری اور سمیر بھارتی سابق آئی ایف ایس افسر 28جنوری کو اپنی مدت پوری کریں گے ۔آئین ہند کے مطابق پبلک سروس کمیشن کا ممبر 6سال کی مدت یا 62 سال کی عمر تک، جو بھی پہلے ہو ،اس عہدے پر فائز رہے گا۔آغا اور بھارتی دونوں 62 سال کی عمر کو پہنچ جائیں گے، جس سے وہ مزید عہدہ سنبھالنے کے لیے نااہل ہو جائیں گے۔انہیں 24 جون 2020 کو پبلک سروس کمیشن کے ممبر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔ جموں کشمیر کے سابق آئین کے مطابق پبلک سروس کمیشن میں ممبران65برس کی عمر تک عہدہ سنبھال سکتے تھے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر کی تنظیم نو کے بعد، مرکزی زیر انتظام جموں کشمیرکی انتظامیہ نے جموں و کشمیر تنظم نو(رفاعہ مشکلات) آرڈر 2019کے سیکشن 16 کو نافذ کرتے ہوئے اس ادارے کے چیئرمین اور ممبران کو ہٹا دیا۔حکومت نے تقریبا سات ماہ بعد پی ایس سی کی دوبارہ تشکیل نو کرتے ہوئے ، سابق چیف سکریٹری بی آر شرما کو کو چیئرمین مقرر کیا جبکہ دیگر آٹھ دیگر ممبران کو بھی شامل کیا گیا۔ ان ممبران میں سابق آئی پی ایس افسرا فہاد المجتبیٰ سید اقبال آغا، سمیر بھارتی گپتا،پورفیسر شوکت احمد زرگر، زبیر احمد رضا، اور فاروق احمد لون بھی شامل تھے۔