سرینگر//ملک کی دیگر ریاستوں کے بعد اب جموں وکشمیر میں بھی کویڈ سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ پیر کے روز جموں وکشمیر میں کووڈ سے متاثرہ افراد کی تعداد 700 سے زائد درج کی گئی ہے۔ یوٹی میں پانچ جنوری کو 418 افراد کورونا سے متاثرہ پائے گئے تھے، جس کے بعد اس تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
کورونا وباء سے متاثرہ افراد کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر انتظامیہ نے کئی اہم فیصلے لئے ہیں وہیں طبی و پیرا میڈیکل عملہ کی چھٹیاں بھی منسوخ کی گئی ہیں۔ اسی اثنا میں ڈائریکٹر سکمز صورہ ڈاکٹر پرویز احمد کول نے آج یہاں جاری ایک حکم نامہ میں شیرِ کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی فیکلٹی کی سرمائی تعطیلات منسوخ کر دی ہیں۔
ڈائریکٹر سکمز صورہ نے فیکلٹی کو فوری طور پر اپنی تعیناتیوں کی جگہ پر خاضر ہونے کی تلقین کی ہے۔
وہیں دوسری جانب جموں ڈویژن میں کووڈ-19کے کیسوں میں اچانک اضافے کے پیش نظر ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر اہلکاروں سمیت تمام ہیلتھ سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔