ایجنسیز
پنچکولہ(ہریانہ)//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کو کہا کہ نریندر مودی کی حکومت منشیات اور انسانی سمگلنگ، سائبر کرائم اور منظم جرائم کے خلاف جنگ میں ریاستوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔شاہ نے کہا کہ کچھ سال پہلے، امن و امان کے معاملے میں ملک میں تین بڑے چیلنجز بائیں بازو کی انتہا پسندی، جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی، اور شمال مشرق میں مسلح گروپ تھے ۔انہوں نے دعویٰ کیا”لیکن مودی حکومت کے قیام کے 10 سال بعد، ان تینوں علاقوں میں امن ہے، اور ملک ان تینوں محاذوں پر محفوظ ہے،” ۔ شاہ یہاں ریکروٹ بیسک کورس پاسنگ آٹ پریڈ سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے مرکزی حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ہم ریاستوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے فوجداری قوانین کے تحت فرانزک سائنس کے کردار کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جن جرائم میں سات سال سے زیادہ کی سزا ہوتی ہے، وہاں فرانزک ماہرین کا جائے وقوعہ کا دورہ لازمی قرار دیا گیا ہے اور اس کا بنیادی مقصد مجرموں کے لیے سزا کو یقینی بنانا ہے۔شاہ نے کانسٹیبلوں کو بتایا کہ وہ ایک ایسے وقت میں پولیس فورس میں شامل ہو رہے ہیں جب نوآبادیاتی دور کے قوانین کی جگہ نئے فوجداری قوانین نے لے لی تھی۔