عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//قانون اور انصاف کے مرکزی وزیر ارجن میگھوال نے منگل کو کہا کہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ جلد ہی بحال کر دیا جائے گا۔ایس کے آئی سی سی میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد، میگھوال نے صحافیوں کو بتایا کہ اگرچہ یہ ایک “انتہائی حساس مسئلہ” ہے، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے لوک سبھا میں کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی ریاست کا درجہ بحال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا”آپ کو مل جائے گا لیکن اس کے لیے ایک عمل ہے، مجھے لگتا ہے کہ آپ کو جلد ہی اس سلسلے میں فیصلہ سننے کو ملے گا،” ۔وزیر داخلہ شاہ نے 13 فروری 2021 کو لوک سبھا میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کی یونین ٹیریٹری کی حیثیت عارضی ہے اور اس کی ریاست کا درجہ بحال کیا جائے گا۔5 اگست 2019 کو، مرکز نے آرٹیکل 370 کو منسوخ کر دیا، جس نے سابقہ ریاست جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت دی تھی۔ حکومت نے جموں و کشمیر کو بھی دو مرکزی زیر انتظام علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کیا۔انہوں نے مرکزی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا: “ہمارے وزیر داخلہ نے لوک سبھا میں پہلے ہی یقین دہانی کرائی ہے کہ صحیح عمل کی پیروی کی جائے گی، اور لوگوں کو وہی ملے گا جو ان کا واجب ہے۔”انکا کہنا ہے کہ فیصلہ وقت پر ہوگا؛انہوں نے مزید کہا: “مجھے لگتا ہے کہ آپ بہت جلد اس پر کوئی فیصلہ سنیں گے۔”